QR CodeQR Code

پیپلز لیبر بیورو کے زیرِاہتمام مہنگائی اور بیروگاری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

22 Aug 2019 20:26

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مزدور رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اسوقت اکثر کارخانوں میں 8 گھنٹے کے بجائے 12 گھنٹے ڈیوٹی لی جا رہی ہے، ملتان میں مزید 2 بوائز اور گرلز ورکرز ویلفیئر سکول قائم کئے جائیں، انڈسٹریل اسٹیٹ میں مزدوروں کیلئے بنائے گئے فلیٹس فوری طور پر مزدوروں کو دیئے جائیں اور ان میں قائم ورکرز ویلفیئر سکولوں کو بھی چالو کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف انڈسٹریل اسٹیٹ ملتان میں پیپلز لیبر بیورو کے زیرِاہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز لیبر بیورو کے جنرل سیکرٹری عاشق بھٹہ کا کہنا تھا کہ لیبر قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، کم از کم اجرت کے قانون پر عملدرآمد کروایا جائے، مساوی اجرت کے قانون پر عمل کرتے ہوئے خواتین ورکرز کو بھی قانون کے مطابق اجرت دلوائی جائے، بند پڑے تمام صنعتی اداروں کو چالو کیے جانے کے اقدامات کئے جائیں، اوقات کار کے قانون کے مطابق 8 گھنٹے ڈیوٹی کے قانون پر عمل کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اکثر کارخانوں میں 8 گھنٹے کے بجائے 12 گھنٹے ڈیوٹی لی جا رہی ہے، عاشق بھٹہ نے مزید کہا کہ ملتان میں مزید 2 بوائز اور گرلز ورکرز ویلفیئر سکول قائم کئے جائیں۔ انڈسٹریل اسٹیٹ میں مزدوروں کیلئے بنائے گئے فلیٹس فوری طور پر مزدوروں کو دیئے جائیں اور ان میں قائم ورکرز ویلفیئر سکولوں کو بھی چالو کئے جانے کے اقدامات کئے جائیں۔

عاشق بھٹہ نے کہا کہ سوشل سکیورٹی میڈیکل سنٹر انڈسٹریل اسٹیٹ یونٹ نمبر4 کو اپ گریڈ کیا جائے اور اس کو ہسپتال کا درجہ دیا جائے، عاشق بھٹہ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ میرج گرانٹ اور ڈیتھ گرانٹ کی زیرِ التوا درخواستوں کا فوری طور پر فیصلہ کیا جائے اور حقدار مزدوروں کو گرانٹ کے چیک جاری کئے جائیں۔ کم از کم اجرت کی بجائے ضرورت کے مطابق تنخواہوں کا تعین کیا جائے، اگر مہنگائی کے تناسب سے مزدوروں کی اجرت مقرر نہ کی گئی تو مزدور مزید احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔ عاشق بھٹہ نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سہ فریقی لیبر کانفرنس بلائی جائے اور کانفرنس کی سفارشات کے مطابق لیبر پالیسی نافذ کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 812108

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812108/پیپلز-لیبر-بیورو-کے-زیر-اہتمام-مہنگائی-اور-بیروگاری-کیخلاف-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org