QR CodeQR Code

پاکستان مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی مدد کرنے میں مکمل ناکام ہے، آصف اللہ رکھا

22 Aug 2019 22:27

تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک سندھ کے جنرل سیکرٹری نے کہا کہ اگر پاکستان نے کمزوری دکھائی تو اسکا خمیازہ آنے والے وقتوں میں خوفناک اور تباہ کن ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ کے جنرل سیکرٹری آصف اللہ رکھا نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے فیصلہ کے مطابق ہونا چاہیے، بدقسمتی سے ایک صدی ہونے کو ہے، اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں پر عمل نہیں ہوا، اقوام متحدہ اور او آئی سی غفلت کی نیند سونے کے بجائے ہوش کے ناخن لیں، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات کریں۔ پی اے ٹی کراچی کے اجلاس خطاب کرتے ہوئے آصف اللہ رکھا نے کہا کہ حق خودارادیت کے ذریعے کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں، زبردستی مسلط کرنا قبول نہیں۔

آصف اللہ رکھا نے مطالبہ کیا کہ بھارت فی الفور کشمیر سے اپنی فوجیں واپس بلائے اور کشمیر میں جاری انسانیت کے حقوق کی پامالی بند کرے، عالمی طاقتیں بھارت سے اپنے سفارتی تعلقات منقطع کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سفارتی کوششوں کو تیز تر کر دے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھائے، پاکستان ابھی تک مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی مدد کرنے میں مکمل ناکام ہے، اتنے دن ہوگئے، لاکھوں مسلمان بھارتی ہٹلر کے ظلم و ستم کا نشانہ بن رہے ہیں، پاکستان سمیت عالمی طاقتیں اندھی بہری اور گونگی ہو چکی ہیں، اس موقع پر اگر پاکستان نے کمزوری دکھائی تو اسکا خمیازہ آنے والے وقتوں میں خوفناک اور تباہ کن ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 812118

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812118/پاکستان-مقبوضہ-کشمیر-کے-مسلمانوں-کی-مدد-کرنے-میں-مکمل-ناکام-ہے-آصف-اللہ-رکھا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org