QR CodeQR Code

جج ارشد ملک کو تادیبی کارروائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ بھیجنے کے احکامات جاری

22 Aug 2019 23:31

ایف آئی اے کو دی گئی مہلت ختم ہونے پر کیس کی سماعت 20 اگست کو ہوئی تھی، جس میں سپریم کورٹ نے معاملے کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنانے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کو تادیبی کارروائی کے لئے واپس لاہور ہائیکورٹ بھیجنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
دارالحکومت کے ہائیکورٹ سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ارشد ملک کے خلاف تادیبی کارروائی لاہور ہائیکورٹ کرے گا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ کی ہدایت پر قائم مقام رجسٹرار سید احتشام علی نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ جج ارشد ملک بدعنوانی کی کارروائی میں ملوث پائے گئے ہیں، جس کا اعتراف انہوں نے اپنے بیان حلفی اور پریس ریلیز میں بھی کیا تھا۔ ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا۔ دوسری جانب سپریم کورٹ میں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کے معاملے کی انکوائری کے لئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے سے متعلق دائر 3 درخواستوں پر محفوظ فیصلہ کل (جمعہ کو) سنایا جائے گا۔

دو روز قبل روز چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مبینہ ویڈیو اسکینڈل کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کی تحقیقات کے لیے اشتیاق احمد مرزا نے ایڈووکیٹ چوہدری منیر صادق کے توسط سے گذشتہ ماہ 11 جولائی کو سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کی تھی، جس کے بعد مذکورہ معاملے پر مزید دو درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ 16 جولائی کو سپریم کورٹ نے درخواستوں پر پہلی سماعت کی تھی اور معاملے کی تحقیقات کے تناظر میں اٹارنی جنرل سے تجاویز طلب کی تھیں۔ دوسری سماعت 23 جولائی کو ہوئی تھی، جس میں سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو کے معاملے کی تحقیقات 3 ہفتوں میں کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ایف آئی اے کو دی گئی مہلت ختم ہونے پر کیس کی سماعت 20 اگست کو ہوئی تھی، جس میں سپریم کورٹ نے معاملے کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن بنانے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ 20 اگست کو ہونے والی سماعت کے دوران چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے استفسار کیا تھا کہ جج ارشد ملک کو لاہور ہائیکورٹ واپس کیوں نہیں بھیجا جارہا، ایسا کرنے سے ان کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے۔
اس پر اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ جج ارشد ملک کو ویڈیو اسکینڈل میں مزید تحقیقات کی وجہ سے اسلام آباد میں روکا ہوا تھا۔ 6 جولائی کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز پریس کانفرنس کے دوران العزیزیہ اسٹیل ملز کیس کا فیصلہ سنانے والے جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو سامنے لائی تھیں۔ لیگی نائب صدر نے جو ویڈیو چلائی تھی اس میں مبینہ طور پر جج ارشد ملک، مسلم لیگ (ن) کے کارکن ناصر بٹ سے ملاقات کے دوران نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنس سے متعلق گفتگو کر رہے تھے۔

مریم نواز نے بتایا تھا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے جج نے فیصلے سے متعلق ناصر بٹ کو بتایا کہ نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، فیصلے کے بعد سے میرا ضمیر ملامت کرتا رہا اور رات کو ڈراؤنے خواب آتے۔ لہٰذا نواز شریف تک یہ بات پہنچائی جائے کہ ان کے کیس میں جھول ہوا ہے۔ انہوں نے ویڈیو سے متعلق دعوٰی کیا تھا کہ جج ارشد ملک ناصر بٹ کے سامنے اعتراف کر رہے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے، ویڈیو میں جج خود کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف ایک دھیلے کی منی لانڈرنگ کا ثبوت نہیں ہے۔ تاہم ویڈیو سامنے آنے کے بعد احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے خود پر لگنے والے الزامات کا جواب دیا تھا اور ایک پریس ریلیز جاری کی تھی۔ جج ارشد ملک نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے پریس کانفرنس کے دوران دکھائی جانے والی ویڈیو کو مفروضوں پر مبنی قرار دیا تھا  اور کہا تھا کہ اس ویڈیو سے میری اور میرے خاندان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ ان کی مسلم لیگ (ن) کے ناصر بٹ اور ان کے بھائی عبداللہ بٹ کے ساتھ پرانی شناسائی ہے اور دونوں بھائی مختلف اوقات میں مجھ سے مل بھی چکے ہیں۔ اس تمام معاملے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے 2 مرتبہ جج ارشد ملک سے ملاقات کی تھی جبکہ اس تمام معاملے سے متعلق چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ کو بھی آگاہ کیا تھا۔
بعد ازاں 12 جولائی کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا اور خط لکھا تھا، جس پر وزارت قانون نے احتساب عدالت نمبر 2 کے ان جج کو مزید کام کرنے سے روک دیا تھا اور لا ڈویژن کو رپورٹ کرنے کا کہا تھا۔ اسی روز جج ارشد ملک کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک خط اور بیان حلفی جمع کروایا گیا تھا، جس میں ویڈیو میں لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا گیا تھا۔ بیان حلفی میں دعوٰی کیا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے کے بعد عہدے سے استعفٰی دینے کے لئے انہیں 50 کروڑ روپے رشوت دینے کی پیشکش کی تھی۔

جج ارشد ملک نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں کی جانب سے انہیں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں نواز شریف کے حق میں فیصلہ دینے پر مجبور کرنے کے لئے رشوت کی پیشکش اور سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی اور بعد ازاں عہدے سے استعفٰی دینے پر بھی مجبور کیا گیا۔ بیان حلفی میں جج ارشد ملک نے کہا تھا کہ فروری 2018ء میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نمبر 2 میں بطور جج تعینات ہونے کے بعد مہر جیلانی اور ناصر جنجوعہ نے رابطہ کیا اور ملاقات کی۔
ساتھ ہی اپنے بیان حلفی میں جج ارشد ملک نے کہا تھا کہ اس ملاقات میں ناصر جنجوعہ نے دعوٰی کیا تھا کہ اس وقت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں موجود بااثر شخصیت کو خصوصی اور ذاتی طور پر میرا نام تجویز کرنے کی وجہ سے مجھے احتساب عدالت نمبر 2 میں جج تعینات کیا گیا، اس حوالے سے ناصر جنجوعہ نے وہاں موجود ایک اور شخص سے کہا تھا کہ میں نے آپ کو چند ہفتے پہلے کہا تھا نا کہ محمد ارشد ملک احتساب عدالت میں جج تعینات ہوگا۔ یاد رہے کہ ارشد ملک وہی جج ہیں جنہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید بامشقت اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا تھا۔ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے قومی احتساب بیورو کی جانب سے دائر ریفرنسز پر 19 دسمبر کو محفوظ کیا گیا فیصلہ 24 دسمبر 2018ء کو سنایا تھا۔


خبر کا کوڈ: 812131

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812131/جج-ارشد-ملک-کو-تادیبی-کارروائی-کیلئے-لاہور-ہائیکورٹ-بھیجنے-کے-احکامات-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org