QR CodeQR Code

حشد الشعبی کی فوجی بیس میں دھماکہ

حکومت عراقی اقتدار میں دخل اندازی پر عملی ردعمل ظاہر کرے، سید عمار الحکیم

23 Aug 2019 02:42

عراقی اقتدار کی خلاف ورزی اور حشد الشعبی کے فوجی مرکز پر حملے میں امریکی مذموم ہاتھوں کا ملوث ہونا ثابت ہو جانے کے بعد عراقی "ملی تحریک" کے سربراہ سید عمار الحکیم جو عراق کے سب سے اہم اپوزیش لیڈر ہیں، نے عادل عبدالمہدی کی حکومت سے عراقی اقتدار کی بارہا خلاف ورزی پر عراقی سرزمین کے دفاع میں ٹھوس عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عراقی "ملی تحریک" اور اپوزیشن کے سربراہ سید عمار الحکیم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ حکومتی عہدیداروں کی مسلسل خاموشی کی صورت میں عراق کی بارہا سرحدی اور اقتدار و استقلال کی خلاف ورزی پر صرف مذمتی بیان ہی دے دینا کافی نہیں۔ انہوں نے عراقی عوامی فورس حشد الشعبی کے اسلحے کے گوداموں میں ہونے والے دھماکے کیطرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ حکومت کو چاہیئے کہ اس واقعے کے بارے میں اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدہ لے اور ملکی سرزمین کے دفاع کی خاطر ٹھوس عملی اقدامات اٹھائے۔

سید عمار الحکیم نے حشد الشعبی کے نائب کمانڈر "ابو مہدی المہندس" کی طرف سے جاری ہونے والے بیان جس میں امریکہ کو اس دھماکے کا اصلی ذمہ دار قرار دیا گیا تھا، کی تائید کی۔ قبل ازیں عراقی عوامی فورسز الحشد الشعبی کے کمانڈر "فالح الفیاض" نے اپنے بیان میں یہ کہا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حشد الشعبی کے گودام میں ہونے والے دھماکے کسی بیرونی عامل کے باعث وقوع پذیر ہوئے ہیں جبکہ امریکی وزارت دفاع نے حشد الشعبی کے نائب کمانڈر کی طرف سے اپنے اوپر براہ راست الزام عائد کئے جانے کے جواب میں الزامات کا انکار کرتے ہوئے یہ کہا تھا کہ ممکن ہے کہ حشد الشعبی کے گوداموں پر کسی تیسری قوت کی طرف سے ہوائی حملہ کیا گیا ہو۔


خبر کا کوڈ: 812150

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812150/حکومت-عراقی-اقتدار-میں-دخل-اندازی-پر-عملی-ردعمل-ظاہر-کرے-سید-عمار-الحکیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org