0
Friday 23 Aug 2019 10:23

احتساب کا دائرہ گلگت بلتستان تک بڑھایا جائے، تحریک انصاف

احتساب کا دائرہ گلگت بلتستان تک بڑھایا جائے، تحریک انصاف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف گلگت بلتستان کی کابینہ کا اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ گلگت میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت پی ٹی آئی جی بی کے صدر سید جعفر شاہ نے کی۔ اجلاس میں سنئیر نائب صدر شاہ ناصر، نائب صدر عبیداللہ، نائب صدر سید امجد زیدی، جنرل سیکرٹری فتح اللّٰہ خان، ڈپٹی جنرل سیکرٹری آمنہ انصاری، ڈپٹی جنرل سیکرٹری تقی اخونزادہ، سیکرٹری اطلاعات اکبر حسین اکبر، فنانس سیکرٹری پروفیسر اجمل نے شرکت کی۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی محرومیوں کو ختم کیا جائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جی بی کے عوام کی خواہشات کے مطابق حقوق دیئے جائیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے قائد وزیراعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں پورے پاکستان میں کرپشن کے خلاف جو کارروائیاں ہوئیں ہیں، اس کو اندرون اور بیرون ملک میں پذیرائی ملی ہے لیکن احتساب کا دائرہ جی بی تک نہیں بڑھایا گیا، جس کی وجہ سے وہی عناصر جو کرپشن میں ملوث ہیں حکومت اور نیب کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔ دوسری طرف جی بی میں کافی عرصے سے سرکاری ٹھیکے اور سرکاری ملازمتوں میں تقرریوں میں بےپناہ بے ضابطگیاں اور کرپشن ہو رہی ہے، علاوہ ازیں لینڈ مافیا بھی مصروف عمل ہے، ایسے حالات میں احتساب کا دائرہ کار جی بی تک بڑھانا انصاف کے تقاضوں کے عین مطابق ہوگا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ آئندہ گلگت بلتستان میں سرکاری محکموں میں ہونے والی تقرریوں کے لئے غیر جانبدار اور ایماندار افسران پر مشتمل کمیٹیاں بنائی جائیں اور تقرریوں کے عمل کو شفاف بنایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 812182
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش