QR CodeQR Code

حکومت پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے موقع پر مثالی امن و امان کا مظاہرہ کیا جائیگا، کمشنر ملتان

23 Aug 2019 18:17

سرکٹ ہائوس ملتان میں امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افتخار علی سہو کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے امن کیلئے ضلعی انتظامیہ کو مکمل اختیارات تفویض کیے ہیں، محرم الحرام میں لائوڈ اسپیکر کی پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور جلوسوں کے مقررہ روٹس کو مانیٹر کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں برداشت، صبر اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، امن کی فضا قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، تمام مسالک کے علمائے کرام بھائی چارے اور رواداری کا پیغام دیں، پاکستان کے بہترین امیج کیلئے یہ بہت ضروری ہے، پاکستان کی وجہ سے ہم سب ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن افتخار سہو نے محرم الحرام کے سلسلے میں سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عزاداروں اور لائسنسداروں کے تمام مطالبات اور مسائل حل کئے جا رہے ہیں، سٹریٹ لائیٹس اور ٹف ٹائل سمیت تمام انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں، میونسپل کارپوریشن کو پیچ ورک مکمل کرنے اور واسا کو گٹروں کے ڈھکن لگانے کی ہدایت دے دی گئی ہیں۔ کمشنر ملتان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے موقع پر مثالی امن و امان کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ یوم عاشور کے جلوسوں میں تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دیں، حکومت پنجاب نے امن کیلئے ضلعی انتظامیہ کو مکمل اختیارات تفویض کیے ہیں، محرم الحرام میں لائوڈ اسپیکر کی پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور جلوسوں کے مقررہ روٹس کو مانیٹر کیا جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا کہ جلوسوں و مجالس کی فضائی نگرانی اور اوقات کار کی پابندی یقینی بنائی جائے گی، امن و امان کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے، ایمبولینس محرم روٹوں پر موجود رہیں گی، جبکہ مختلف ہسپتالوں میں عزاداروں کیلئے 40 بیڈز مختص کر دیئے گئے ہیں، سٹی پولیس افسر زبیر دریشک نے کہا کہ 5 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار محرم روٹس پر ڈیوٹی سرانجام دیں گے، پاک فوج، رینجرز اور سول ڈیفنس کی بھی مکمل معاونت حاصل کی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 812257

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812257/حکومت-پنجاب-کی-ہدایت-پر-محرم-الحرام-کے-موقع-مثالی-امن-امان-کا-مظاہرہ-کیا-جائیگا-کمشنر-ملتان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org