QR CodeQR Code

کراچی کے عوام کو سیاسی عمل سے دور رکھا جا رہا ہے، سلیم حیدر

23 Aug 2019 23:43

اپنے ایک بیان میں مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین نے کہا کہ ماضی میں بھی اسٹیبلشمنٹ کراچی اور حیدرآباد میں نت نئے تجربات کرتی رہی ہے، لیکن کسی بھی تجربے کے نتیجے میں مسئلہ حل ہونے کے بجائے اس میں اضافہ ہوا ہے اور سیاسی و جمہوری عمل کو نقصان پہنچا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ ایک منصوبے کے تحت کراچی کے مہاجروں کو سیاسی عمل سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، کراچی جو ملکی سیاسی تحریکوں کا مرکز تھا اور یہاں سے چلنے والی تحریک ملک کے کونے کونے تک پھیلتی تھی، اب کراچی کی سیاسی حیثیت بھی ختم کی جا رہی ہے۔ سلیم حیدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کراچی کے ایک کروڑ سے زائد مہاجروں کی قسمت کے فیصلے ان افراد کے ہاتھوں میں دینے کی سازشیں ہو رہی ہے، جو نہ تو کراچی سے تعلق رکھتے ہیں اور نہ ہی کراچی کے عوام انہیں پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک منصوبے کے تحت اسپورٹس، شوبز، تجارت اور صنعتوں کو کراچی سے باہر منتقل کیا گیا اور اب کراچی کے عوام کو سیاسی عمل سے بھی دور رکھا جا رہا ہے، کراچی کی بیشتر قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں ان لوگوں کو دلوائی گئی ہیں، جن کو نہ تو کراچی کے عوام پسند کرتے ہیں اور نہ ہی وہ نام نہاد نمائندے کراچی کے مسائل کا ادراک رکھتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ کراچی اور حیدرآباد کے مسائل میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

سلیم حیدر نے کہا کہ ماضی میں بھی اسٹیبلشمنٹ کراچی اور حیدرآباد میں نت نئے تجربات کرتی رہی ہے، لیکن کسی بھی تجربے کے نتیجے میں مسئلہ حل ہونے کے بجائے اس میں اضافہ ہوا ہے اور سیاسی و جمہوری عمل کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ بلدیاتی انتخابات قریب آرہے ہیں تو کچرے اور شہر کے مسائل حل کرنے کے نام پر وہ شعبدے باز اور شوقین افراد کراچی کے عوام کے ہمدرد اور مسیحا بن کر عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن کراچی کے عوام جانتے ہیں کہ ان کے مسائل صرف اور صرف ان ہی سے تعلق رکھنے والے نمائندے حل کر سکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 812298

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812298/کراچی-کے-عوام-کو-سیاسی-عمل-سے-دور-رکھا-جا-رہا-ہے-سلیم-حیدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org