0
Saturday 24 Aug 2019 09:14

امریکی افواج 15 ماہ سے 2 سال میں افغانستان سے چلی جائینگی، سہیل شاہین

امریکی افواج 15 ماہ سے 2 سال میں افغانستان سے چلی جائینگی، سہیل شاہین
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں 18 برس سےجاری جنگ کے خاتمے اور قیامِ امن کے سلسلے میں افغان طالبان اور امریکا کے مابین ہونے والے مفاہمتی عمل میں غیر ملکی افواج کے انخلا کی مدت پر اتفاق ہوگیا۔ طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے پاکستانی جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انخلا کے وقت کے حوالے سے ہم سمجھوتے پر پہنچ چکے اور اس پر عملدرآمد کے طریقہ کار کے حوالے سے بات چیت کی جارہی ہے۔ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا کے ساتھ ہونے والے والے مذاکرات کے نویں دور کے دوسرے روز کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ہماری عمومی گفتگو ہوئی اور اب ہم عملدرآمد کے بارے میں بات چیت کریں گے۔ خیال رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان امریکی افواج کے انخلا، جنگ بندی، بین الافغان مذاکرات اور افغانستان کو عالمی دہشت گردی کا محرک نہ بننے دینے کی ضمانت کے حوالے سے بات چیت کے 8 ادوار مکمل ہوچکے۔ تاہم اب بھی طالبان اشرف غنی کی حکومت کو ماننے سے انکاری ہیں البتہ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ افواج کے انخلا کے ٹائم فریم پر سمجھوتہ ہونے کی صورت میں وہ امن معاہدے کے لیے بین الافغان مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

دوسری جانب اپنی گفتگو میں سہیل شاہین نے افواج کے انخلا کے اوقات کار کے بارے میں کچھ نہیں بتایا البتہ افغان میڈیا میں طالبان ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کی مدت 15 ماہ سے 2 سال کے درمیان ہے۔ طالبان ترجمان نے اس ٹائم فریم کی تصدیق کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ جب دونوں فریقین عملدرآمد کے طریقہ کار پر رضامند ہوجائیں گے تو اس کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔ خیال رہے کہ واشنگٹن طالبان کے ساتھ یکم ستمبر تک معاہدہ کرنا چاہتا ہے کیوں کہ اسی ماہ افغانستان میں انتخابات بھی ہوں گے جبکہ امریکی صدارتی انتخابات 2020ء میں ہونے ہیں۔ افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ ان کی حکومت جامع مذاکرات کے لیے امریکا اور طالبان کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے پر دستخط ہونے سے قبل اس دستاویز کا جائزہ لے گی۔ قومی ٹیلی ویژن پر انٹریو دیتے ہوئے افغان صدر کا مزید کہنا تھا کہ اگر آئندہ 5 ماہ کے عرصے میں 5 ہزار امریکی فوجی بھی افغانستان سے چلیں جائیں تو افغانستان کو اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔
خبر کا کوڈ : 812325
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش