0
Saturday 24 Aug 2019 12:47

رانا ثناءاللہ عدالت پیش، اے این ایف کی جائیداد منجمد کرنے کی درخواست

رانا ثناءاللہ عدالت پیش، اے این ایف کی جائیداد منجمد کرنے کی درخواست
اسلام ٹائمز۔ سپیشل جج اینٹی نارکوٹکس مسعود  ارشد نے رانا ثنا اللہ اور دیگر پانچ ملزمان کے کیس کی سماعت اٹھائیس اگست تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے اے این ایف کی طرف سے راناثناء اللہ کی جائیداد منجمد کرنے کے حوالے سے وکلا سے آئندہ تاریخ پر جواب طلب کر لیا۔ سپیشل جج اینٹی نارکوٹکس کی عدالت میں رانا ثناء اللہ اور دیگر پانچ ملزمان عثمان اکرم، سبطین حیدر، عامر، رستم اور عمر فاروق کو جیل سے لا کر پیش کیا گیا۔ عدالت میں اے این ایف نے پندرہ کلو ہیروین رکھنے کے الزام میں چالان پیش کر رکھا تھا۔ عدالت  میں رانا ثناء اللہ اور دیگر ملزمان کی درخواست ضمانتوں پر عدالت نے اے این ایف سے ریکارڈ طلب کر رکھا تھا، لیکن تفتیشی افسر نے ریکارڈ پیش نہ کیا جس پر کارروائی اٹھائیس اگست تک ملتوی کر دی گئی۔ عدالت میں دوران سماعت سی سی ٹی وی فوٹیج پیش کی گئی جو رانا ثناء اللہ کو وکلا کی موجودگی میں دے دی گئی۔ وکلا نے مزید فوٹیج کی درخواست کی جس پر وکلا کو آئندہ بحث کے لیے پابند کر دیا گیا۔

عدالت نے رانا ثناء اللہ کی جائیداد منجمد کرنے کی کارروائی پر وکلا کو سات ستمبر تک جواب داخل کرنے کی ہدایت کی۔ رانا ثناء اللہ کے کیس میں راجہ انعام امین منہاس اور احتشام الحق ایڈووکیٹ کو سپیشل پراسیکیوٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، حکومت صرف عوام کو بیان بازی سے بہلا رہی ہے، بیان بازی سے کشمیر آزاد نہیں ہونا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کشمیر کی آزادی پاکستانی قوم کی آزادی ہے۔ لیگی رہنما نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملکی حالات خراب اور قوم کو تقسیم کیا ہے، سیاسی انتقام کی خاطر یہ سب کارروائیاں ہو رہی ہیں، یہ جھوٹے اور ظالم لوگ ہیں ہم ظلم کیخلاف ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 812364
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش