0
Saturday 24 Aug 2019 20:27

الیکشن کمیشن اراکین کی تقرری پر اعظم سواتی ڈٹ گئے

الیکشن کمیشن اراکین کی تقرری پر اعظم سواتی ڈٹ گئے
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور وزیر اعظم سواتی الیکشن کمیشن کے دو اراکین کی تقرری کے معاملے پر ڈٹ گئے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم خان سواتی نے الیکشن کمیشن میں دو اراکین کی تقرری معاملے پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سندھ اور بلوچستان کے اراکین کی تقرری آئین کے مطابق کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خالد صدیقی کی رکن سندھ اور منیر کاکڑ کی رکن بلوچستان تقرری متعلقہ اداروں کی رائے کے بعد کی گئی اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے دونوں اراکین کی ڈیڈ لاک کے نتیجے میں 22 اگست کو تقرری کی گئی تھی۔ اعظم خان سواتی نے کہا کہ سندھ، بلوچستان کے اراکین کی تقرری میں پہلے وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف میں اتفاق نہ ہو سکا، جس کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں آ گیا تھا۔ پارلیمانی کمیٹی کے بھی کئی اجلاس ہوئے لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی دفعہ 215 کے تحت کسی آئینی ادارے کو حکومت غیر فعال نہیں چھوڑ سکتی۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ہونے والے ہیں لیکن یہاں الیکشن کمیشن کی ساخت مکمل نہیں تھی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے معاملہ اسپیکر آفس اور وزارت قانون کو بھجوایا اور رائے لی تھی۔ ڈیڈ لاک برقرار رہنے پر صدر پاکستان کو سفارش کے ساتھ سمری بھیجی گئی اور صدر مملکت نے بطور غیر جانبدار ایمپائر آئینی اختیار استعمال کرکے فیصلہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام وکلا برادری صدر مملکت کی جانب سے الیکشن کمیشن اراکین کی تقرری کا خیر مقدم کرتی ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے دو نئے اراکین کی تعیناتی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے اور دائر درخواست میں وفاقی حکومت اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 812466
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش