0
Saturday 24 Aug 2019 21:58
پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرکے دوست و دشمن کی پہچان کرنا ہوگی

قاتل مودی کو عرب امارات کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینا ناانصافی ہے، پاکستان عوامی تحریک

قاتل مودی کو عرب امارات کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینا ناانصافی ہے، پاکستان عوامی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک سندھ کے رہنماؤں نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر شیخ محمد زید النہیان کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دیئے جانے پر سخت مذمت اور احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کے قاتل اور غاصب مودی کو شیخ النہیان کی جانب سے اعلیٰ ترین سول ایوارڈ دینا ناانصافی ہے۔ سیکرٹری کوآرڈینیشن سید ظفر اقبال، آرگنائزر اطہر جاوید صدیقی، سیکرٹری سوشل میڈیا عدنان رﺅف انقلابی، ساجدہ جبین و دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد نے کشمیری مسلمانوں کی دل آزاری اور زخموں پر نمک چھڑکا ہے، پاکستانی حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیے، بھارتی ہٹلر کو ایسے وقت میں اعلیٰ ترین اماراتی سول ایوارڈ دینا لمحہ فکریہ ہے، مسلم ممالک کے حکمران مفادات کی خاطر باطل کی دہلیز پر سجدہ ریز ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ بھارت کا کشمیر پر قبضہ سوچی سمجھی سازش ہے، جس کے پیچھے عالمی طاقتیں بھی ملوث ہیں، ہاتھی کے دانت دکھانے کے اور کھانے کے اور ہیں، عالمی طاقتیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرکے دوست اور دشمن کی پہچان کرنا ہوگی، جن ممالک کو ہم اپنا برادر اسلامی ممالک سمجھتے ہیں، وہی ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مسلم ممالک سمیت عالمی طاقتوں کو مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کرنا چاہیے تھی، ایسا نہیں ہوا، پاکستان کو عالمی رویہ دیکھ کر پالیسی تبدیل کرنا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 812486
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش