0
Saturday 24 Aug 2019 23:24

حزب اللہ، لبنان کے استحکام اور وحدت کی ضمانت ہے، لبنانی وزیر خارجہ

حزب اللہ، لبنان کے استحکام اور وحدت کی ضمانت ہے، لبنانی وزیر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ لبنان کے وزیر خارجہ "جبران باسل" نے خبروں کے چینل "یورونیوز" کے ساتھ اپنی خصوصی گفتگو کے دوران حزب اللہ پر امریکہ کی طرف سے عائد کردہ بےجا الزامات کی شدید مذمت کی ہے۔ جبران باسل جو (آزاد قومی پارٹی کے) لبنانی عیسائیوں کے بڑے رہنما ہیں، نے اپنے اس انٹرویو میں لبنان میں پناہ حاصل کرنے والے شامی پناہ گزینوں، تازہ ترین ملکی اقتصادی مسائل، اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ اور حزب اللہ کے خلاف امریکہ کے دشمنی پر مبنی اقدامات پر گفتگو کی۔ لبنانی وزیر خارجہ جبران باسل نے اپنی گفتگو میں عیسائی "آزاد قومی پارٹی" اور اسلامی مزاحمتی تحریک "حزب اللہ" کے درمیان گہرے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں پارٹیوں کے باہمی تعلقات کی قیمت شاید اندرونی مقبولیت اور مغرب کے ساتھ رابطے کے حوالے سے زیادہ ہو، لیکن دراصل یہی تعلقات ہیں جو لبنان کی حفاظت اور ہماری قومی وحدت کا راز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہی تعلقات ہیں، جو لبنان کے اندر خانہ جنگی شروع ہونے سے بچاتے ہیں جبکہ ہم سب بھی یہی چاہتے کہ قوم کو خانہ جنگی سے بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ ہمارے ملک کی ایک بڑی آبادی کا نام ہے اور ہم اس پر دہشتگرد ہونے کے الزام کو کبھی قبول نہیں کرسکتے۔ جبران باسل نے اپنی گفتگو کے آخری حصے میں خطے میں موجود بحران اور جنگ کے بڑے خطرے کے بارے میں کہا کہ لبنان کے ساتھ کسی ملک کا کوئی مقابلہ نہیں جبکہ لبنان ایک ایسے خطے میں موجود ہے کہ جہاں رہتے ہوئے ہم تمامتر اختلافات کو ختم کرکے اپنے مفادات سے منسلک اس سرزمین کو جنگ سے محفوظ رکھ سکتے ہیں اور یہ ہمارے مفاد میں ہے کہ ہم لبنان کو ہر قسم کی لڑائی سے دور رکھ کر اس کی حفاظت کریں، جبکہ ان کوششوں میں سے سب سے اہم کوشش سعودی عرب اور ایران کے درمیان جنگ نہ ہونے دینے کی کوشش ہے۔

واضح رہے کہ لبنانی وزیر خارجہ جبران باسل نے چند روز قبل بھی یہ کہا تھا کہ اس ملک (لبنان) کی حکومت، صرف حزب اللہ کی مدد سے ہی لبنانی قوم کو خطرات سے نجات دلانے میں کامیاب ہوئی ہے۔ انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کے دوران دہشتگردوں کے خلاف جنگ کے دوران لبنانی حکومت اور حزب اللہ کے درمیان گہرے تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم حزب اللہ کے ہمراہ کامیاب ہوئے ہیں اور ہم سب لبنان کے پشت پناہ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 812497
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش