0
Saturday 24 Aug 2019 23:50

جیل کے اندر فریال تالپور کی صحت ٹھیک نہیں، ایڈووکیٹ ضیاالحسن لنجار

جیل کے اندر فریال تالپور کی صحت ٹھیک نہیں، ایڈووکیٹ ضیاالحسن لنجار
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر اور رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور سے اڈیالہ جیل میں ان کے خاندان کے افراد اور وکلاء نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی میر منور تالپور نے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ اپنی اسیر اہلیہ فریال تالپور سے ملاقات کی، جبکہ ان کے وکلاء جن میں سابق صوبائی وزیر ضیاءالحسن لنجار، غلام مصطفٰی لغاری اور خان بہادر بھٹی نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد ایڈووکیٹ ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ فریال تالپور کو جیل کے اندر مناسب سہولیات میسر نہیں۔ عدالت نے انہیں جیل کے اندر بی کلاس کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کی ہے، تاہم جیل انتظامیہ عدالت کے احکامات ماننے سے انکار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل کے اندر فریال تالپور کی صحت ٹھیک نہیں، گذشتہ عید کی رات جب وہ اسپتال میں زیر علاج تھیں انہیں ڈاکٹروں کے منع کرنے کے باوجود رات کو بارہ بجے زبردستی اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ڈاکٹروں کی اس ہدایات پر بھی عمل نہیں کیا جس میں کہا گیا تھا کہ فریال تالپور کو دل کے ڈاکٹروں سے معائنہ کرایا جائے۔ ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ جیل کے اندر صفائی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے اسیر رہنما کو جلد کی الرجی ہوگئی ہے۔ ایڈووکیٹ ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ حکومت پنجاب پروڈکشن آرڈر کے باوجود رکن سندھ اسمبلی کو اڈیالہ جیل سے سندھ منتقل نہیں کر رہی اور انہیں اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے آئینی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے روز حکومت کی طرف سے کی جانے والی ذیادتیوں، عدالت کی حکم عدولی، جیل میں مناسب سہولیات فراہم نہ کرنے اور جیل رولز کے تحت بی کلاس نہ دینے کے خلاف ایک آئینی پٹیشن دائر کی جائے گی۔
 
خبر کا کوڈ : 812509
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش