QR CodeQR Code

بحرین نے بھی مودی کو بڑا اعزاز دے دیا

25 Aug 2019 20:39

بھارتی وزیر اعظم نے امیر بحرین حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور بحرینی ہم منصب شہزادہ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ نریندر مودی کو امیر بحرین حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے کنگ حماد آرڈر آف دی رینائسنس کا اعزاز دیا۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ عرب امارات کے بعد بحرین نے بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نوازا ہے۔ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے دورے کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچے تھے، یہ کسی بھی بھارتی وزیراعظم کا اس خلیجی ریاست کا پہلا دورہ تھا۔ بھارتی وزیر اعظم نے امیر بحرین حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور بحرینی ہم منصب شہزادہ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ نریندر مودی کو امیر بحرین حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے کنگ حماد آرڈر آف دی رینائسنس کا اعزاز دیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز دیا گیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بعد برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے اماراتی ولی عہد سے مودی کو اعزاز دینے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم اس کے باوجود بھی یہ اعزاز بھارتی وزیراعظم کو دیا گیا۔ اس اعزاز پر پاکستانی عوام میں بھی شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس عمل کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔ دوسری جانب بحرین میں بھارتی وزیراعظم نے بھارتی کمیونٹی سے خطاب بھی کیا اور ساتھ ہی 200 سالہ قدیم شری ناتھ مندر میں پوجا پاٹ کی اور پرساد بھی تقسیم کیا۔  بھارتی وزیراعظم نے مندر کی بحالی کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا جس پر 42 لاکھ ڈالر لاگت آئے گی۔ یاد رہے کہ غاصب بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 21 روز سے مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ 

 


خبر کا کوڈ: 812595

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812595/بحرین-نے-بھی-مودی-کو-بڑا-اعزاز-دے-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org