QR CodeQR Code

پی ٹی آئی حکومت نے نیب کو اپنے سیاسی انتقام کیلئے رکھا ہوا ہے، پیپلز پارٹی سندھ

25 Aug 2019 23:17

اپنے بیان میں پیپلز پارٹی سندھ کے رہنماؤں نے کہا کہ نیب آمریت کی پیداوار اور نشانی ہے، نیب آج تک کسی سیاستدان پر کوئی جرم ثابت نہیں کر سکا۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی، جنرل سیکریٹری وقار مہدی و دیگر رہنماؤں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے نیب کو اپنے سیاسی انتقام پورے کرنے اور اپوزیشن کو دھونس دکھانے کی خاطر استعمال میں رکھا ہوا ہے، ماضی میں ایک آمر نے اس ادارے کو اپنے انتقامی مقاصد پورے کرنے کیلئے بنایا تھا، آج اس آمر کے چیلے اسی مشق کو دہرانے میں مصروف ہیں، مگر ہم ان سے کہتے ہیں کہ اس روش پر چلنے سے پہلے تاریخ کا مطالعہ کریں، پیپلز پارٹی ماضی میں بھی ڈٹ کر جدوجہد پر کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اپنے مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ عمران نیازی کی حکومت نے ایک سال میں عوامی بھلائی سے متعلق کوئی کارکردگی نہیں دکھائی، سوائے کشمیر کا سودا کرنے اور احتساب کے نام پر نیب کے ذریعے سیاسی مخالف جماعتوں کو دبانے کی کوشش کی۔

رہنماؤں نے کہا کہ نیب آمریت کی پیداوار اور نشانی ہے، نیب آج تک کسی سیاستدان پر کوئی جرم ثابت نہیں کر سکا، اب بھی آصف علی ذرداری اور فریال تالپور کو جھوٹے مقدمات میں نامزد کرکے انہیں بدنام کرنے اور اپنے سیاسی عزائم پورے کرنے کیلئے ایک منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا واسطہ ایسے طالع آزماں کی مہم جوئی سے ماضی میں بھی رہا ہے اور ایسے عناصر کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی ہے۔


خبر کا کوڈ: 812608

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812608/پی-ٹی-ا-ئی-حکومت-نے-نیب-کو-اپنے-سیاسی-انتقام-کیلئے-رکھا-ہوا-ہے-پیپلز-پارٹی-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org