0
Sunday 25 Aug 2019 23:48

جلال آباد، پاکستانی قونصل خانے کے باہر دھماکہ، 3 افراد زخمی

جلال آباد، پاکستانی قونصل خانے کے باہر دھماکہ، 3 افراد زخمی
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے شہر جلال آباد میں قائم پاکستان کے قونصل خانے کے باہر دھماکے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں جاری بیان میں کہا کہ جلال آباد میں ہمارے قونصل جنرل کے باہر آئی ای ڈی دھماکا ہوا۔ قونصل خانے میں موجود پاکستانیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا تمام عملہ محفوظ ہے۔ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ دھماکے میں ایک پولیس اہلکار اور دو درخواست گزار زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قونصل خانے کے اطراف اور عملے کی سکیورٹی کے اقدامات کو یقینی بنانے کے لئے ہم افغان حکام سے رابطے میں ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا اس مقام پر ہوا جہاں لوگ ویزے کے حصول کے لئے قطار میں کھڑے تھے۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال 30 اگست 2018ء میں افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے نے سکیورٹی انتظامات پر مداخلت پر جلال آباد کا قونصل خانہ عارضی طور پر بند کردیا تھا۔
پاکستانی سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ صوبہ ننگرہار کے گورنر حیات اللہ حیات کی جلال آباد کے قونصل خانے کے سکیورٹی سمیت مختلف امور میں بےجا مداخلت افسوسناک اور 1963ء کے ویانا کنونشن کی مکمل خلاف ورزی ہے۔ سفارتخانے نے گورنر کی بےجا مداخلت کو روکنے کے لئے افغان وزارت خارجہ سے رابطہ کیا تھا اور قونصل خانے کی سکیورٹی بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ بعدازاں 08 اکتوبر 2018ء کو افغان حکام کی جانب سے فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد پاکستان نے جلال آباد میں قائم اپنا سفارتخانہ کھول دیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں برس 27 جنوری کو افغانستان کے شہر مزار شریف قائم پاکستانی قونصلیٹ پر حملے کی کوشش کی گئی تھی تاہم اس کوشش کو ناکام بنادیا گیا تھا۔
مزارت شریف میں قائم قونصل خانے پر حملے کی ناکام کوشش کے حوالے اپنے بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا تھا کہ ایک افغان خاتون کو مزار شریف میں پاکستانی قونصل خانے میں گھسنے کی کوشش کے دوران حراست میں لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خاتون کی تلاشی کے دوران اُن کے بیگ سے ایک دستی بم برآمد ہوا تھا۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا تھا کہ خاتون کو حراست میں لینے کے بعد قونصل خانے کو بند کردیا گیا، جبکہ مزید تفتیش کے لئے خاتون کو افغان پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 812615
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب