QR CodeQR Code

حکومت کی ایک سالہ کارکردگی مایوس کن ہے، محمد حسین محنتی

25 Aug 2019 23:58

ضلعی امراء کے اجلاس سے خطاب کے دوران جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ حکومت شہریوں کی جان و مال کی حفاظت، مہنگائی کے خاتمے اور روزگار فراہمی کیلئے اقدامات کرکے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے سندھ میں بڑھتی ہوئی اغوا برائے تاوان کی وارداتوں اور لاقانونیت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی مایوس کن ہے، مہنگائی و بیروزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے، حکومت شہریوں کی جان و مال کی حفاظت، مہنگائی کے خاتمے اور روزگار فراہمی کیلئے اقدامات کرکے اپنی ذمہ داری پوری کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباءآڈیٹوریم کراچی میں سندھ کے ضلعی امراء کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، جس میں سندھ کی سیاسی و تنظیمی صورتحال پر غور سمیت ملٹی میڈیا کے ذریعے سہ ماہی رپورٹ پیش کی گئی۔ صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ، نائب امراء ممتاز حسین سہتو، پروفیسر نظام الدین میمن، اظہارالحق، عبدالغفار عمر نے بھی خطاب کیا، جبکہ جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی صورتحال و کارکردگی سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں کشمیر کی صورتحال، مہنگائی و بدامنی پر قرارداد بھی منظور کی گئی۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیری عوام نہ صرف اپنی سرزمین کی بقاء، بلکہ تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ظلم و بربریت اور اب اس کی خصوصی حیثیت ختم کرکے انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کی شدید خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم ستمبر کو کراچی میں آزادی کشمیر مارچ امید کی کرن ثابت ہوگا، عوام بھرپور شرکت کرکے کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی اور ملی غیرت کا ثبوت دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بھارتی آبی جارحیت کا نوٹس اور سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے ساتھ سندھ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پیشگی اقدامات کرتے، تاکہ مزید مالی و جانی نقصان سے بچا جا سکے۔


خبر کا کوڈ: 812616

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812616/حکومت-کی-ایک-سالہ-کارکردگی-مایوس-کن-ہے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org