QR CodeQR Code

کشمیر میں مسلسل کرفیو اور نہتے عوام پر مظالم افسوسناک ہیں، ساجد طوری

26 Aug 2019 14:15

پاراچنار پریس کلب میں عمائدین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ایم این اے کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مسئلہ کے حل اور کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے، سلامتی کونسل، او آئی سی اور دیگر ذمہ دار عالمی اداروں نے اگر اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کیں اور کشمیریوں کا مسئلہ حل نہ کیا تو کسی بھی وقت جنگ چھڑ سکتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ضلع کرم سے پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر مسلسل کرفیو کا نفاذ اور مظالم افسوسناک ہیں، عالمی برادری مزید مظالم روکنے اور مسئلے کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے، ورنہ خطے میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ پاراچنار پریس کلب میں سیاسی و سماجی رہنما ابرار جان طوری اور قبائلی عمائدین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ساجد طوری کا کہنا تھا کہ نہتے کشمیریوں پر مسلسل تین ہفتوں سے کرفیو نافذ ہے اور ان سے انتہائی ظالمانہ سلوک روا رکھا گیا ہے، عالمی برادری مسئلہ کے حل اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

سلامتی کونسل، او آئی سی اور دیگر ذمہ دار عالمی اداروں نے اگر اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کیں اور کشمیریوں کا مسئلہ حل نہ کیا تو کسی بھی وقت جنگ چھڑ سکتی ہے، جو کہ تباہ کن ثابت ہوگی۔ انہوں نے افغانستان میں امن کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن ہم سب کے فائدے میں ہے، اس وجہ سے ہم پڑوسی ملک افغانستان میں بھی امن چاہتے ہیں۔ اس سے قبل بھی ملک بھر خاص طور پر قبائلی علاقوں کے ایک ایک فرد نے دفاع وطن کیلئے قربانی دی اور آئندہ بھی کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 812723

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812723/کشمیر-میں-مسلسل-کرفیو-اور-نہتے-عوام-پر-مظالم-افسوسناک-ہیں-ساجد-طوری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org