QR CodeQR Code

مسئلہ کشمیر پر امریکا پر انحصار حماقت ہوگی، حافظ نعیم الرحمٰن

26 Aug 2019 22:43

کالم نگاروں کے ساتھ نشست سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ مزاحمت کی تاریخ میں کشمیریوں نے نئے باب رقم کیے ہیں، تمام تر مظالم کے باجود کشمیری ڈٹے ہوئے ہیں اور مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو یک طرفہ طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا، حکومت کو عالمی عدالت میں بھی جانا چاہیئے اور اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کوششیں کرنی چاہیئے، بھارت نے شملہ معاہدے، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کو پامال کیا ہے، جب ایک فریق معاہدوں کو ختم کر دے تو دوسرا فریق آزاد ہو جاتا ہے، اس لیے اب مسئلہ کشمیر کے حل اور مظلوم و نہتے کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پیش قدمی کرنے کی ضرورت ہے، پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے، جماعت اسلامی کے تحت یکم ستمبر کو شاہراہ فیصل کراچی پر ہونے والا عظیم الشان اور تاریخی ”آزادی کشمیر مارچ“ اہل کراچی سمیت پوری قوم کے احساسات و جذبات کا ترجمان ثابت ہوگا اور عالمی سطح پر بھی کشمیریوں سے یکجہتی کا پیغام جائے گا، کالم نگار کشمیر کے مسئلے اور کشمیر مارچ کو نمایاں کریں، یہ بڑا قلمی جہاد ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں کالم نگاروں کے ساتھ نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ یہ بات اہم ہے کہ مزاحمت کی تاریخ میں کشمیریوں نے نئے باب رقم کیے ہیں، تمام تر مظالم کے باجود کشمیری ڈٹے ہوئے ہیں اور مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں، کشمیریوں نے ایک دن کیلئے بھی بھارت کی غلامی اور تسلط کو قبول نہیں کیا ہے اور وہ ہر صورت میں آزادی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھی ان کے ساتھ اپنی یکجہتی اور جذبات کا اظہار کریں اور ہر فرد کو اپنے حصے کا کام کرنا ہوگا، یہ ہمارے ایمان اور عقیدے کا تقاضا ہے، کشمیریوں سے رشتہ اور تعلق کلمے کی بنیاد پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، کشمیری عوام بھارت کی غلامی سے آزادی اور تکمیل پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں، حکمرانوں کی تمام تر بے اعتنائیوں کے باوجود کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ ہیں اور پوری قوم بھی کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر امریکا پر انحصار حماقت ہوگی، امریکا نے کبھی پاکستان کی اور مسلمانوں کی مدد نہیں کی، حکومت سفارتی محاذ پر سرگرمیوں کا مظاہرہ کرے اور بھارت پر بین الاقوامی دباﺅ بڑھائے۔


خبر کا کوڈ: 812820

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812820/مسئلہ-کشمیر-پر-امریکا-انحصار-حماقت-ہوگی-حافظ-نعیم-الرحم-ن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org