QR CodeQR Code

کراچی کا اب سب سے بڑا مسئلہ کچرا اٹھانا رہ گیا، سلیم حیدر

26 Aug 2019 23:50

اپنے بیان میں مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین نے کہا کہ ایم کیو ایم جس نے 30 سال میں کراچی کے مہاجروں کو خود ہی کچرا بنا دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی میں اب مسائل اور حقوق کی سیاست کے بجائے کچرا اُٹھانے اور نہ اٹھانے پر سیاست کی جا رہی ہے، کراچی کا کچرا اٹھانے کیلئے وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور کراچی کی حکومت تینوں ہی ناکام ہو چکی ہیں اور تینوں حکومتیں سوائے پوائنٹ اسکورننگ، پیسے کے ضیاع اور الزام در الزام سے بڑھ کر اب تک کچھ نہیں کر رہی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں سلیم حیدر نے کہا کہ جس وقت سے کراچی کا وجود ہے، اس کے بعد سے اب تک کراچی کا کچرا کسی نہ کسی طریقے سے اٹھایا جا رہا ہے، لیکن پیپلز پارٹی کی حکومت جو کراچی کے وسائل پر عیاشیاں کر رہی ہیں، وہ گزشتہ 10 سال سے کراچی میں ہر طرح کا کچرا تو پھیلا رہی ہے، لیکن کچر اٹھانے کی نہ تو ان کی خواہش تھی اور نہ ہے۔

سلیم حیدر نے کہا کہ وفاقی حکومت جو ملک کو درپیش دیرینہ مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، اب اس کے ناکام وزراء جنہیں سوائے میڈیا کوریج اور پوائنٹ اسکورننگ کے کچھ نہیں کرنا وہ بھی اب کچرے کی سیاست میں کود گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم جس نے 30 سال میں کراچی کے مہاجروں کو خود ہی کچرا بنا دیا ہے اور اس کی قیادت اور میئر جو کہ برسہا برس سے مہاجروں کو لوٹنے، انہیں بے توقیر کرنے، انہیں سیاسی تنہاہی میں دھکیلنے اور ذاتی بینک بیلنس بنانے میں مصروف ہیں، وہ بھی گلے پھاڑ پھاڑ کر بے بسی کا اعلان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مہاجر عوام کو ان کے حقوق اور مسائل سے ہٹاکر کچرے کی سیاست میں ملوث کر دیا گیا ہے، اگر یہی صورتحال رہی تو پھر مہاجروں کا سب سے اولین مطالبہ کچرا اٹھانا ہی رہ جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 812830

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812830/کراچی-کا-اب-سب-سے-بڑا-مسئلہ-کچرا-اٹھانا-رہ-گیا-سلیم-حیدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org