QR CodeQR Code

شاہ محمود قریشی کا ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اوغلو سے ٹیلیفونک رابطہ

27 Aug 2019 10:02

دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ مشاورت جاری رکھنے اور اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اگلے ماہ منعقد ہونے والے اجلاس بالخصوص او آئی سی رابط گروپ برائے کشمیر میں ملاقات پر اتفاق کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترکی سے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کر دی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اوغلو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے مابین دیرینہ تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں جبکہ ترکی نے ہمیشہ اہم امور پر پاکستان کے نقطہ نظر کی حمایت کی ہے اور پاکستان نے بھی ہر مشکل گھڑی میں ترکی کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ نے گولن تنظیم کو دہشت گرد قرار دیا اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ مسلم امہ کو متحد کرنے کے لیے ترکی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر ہم ترک صدر رجب طیب اردگان کے بے حد شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ جنوری 1948 سے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے ایجنڈے پر ہے اور اس تنازع کے ضمن میں سیکیورٹی کونسل کی 11 قرار دادیں ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمان پچھلے 22 روز سے کرفیو کی وجہ سے گھروں میں محصور ہیں۔ وزیر خارجہ نے اپنے ترک ہم منصوب کو آگاہ کیا کہ بھارت نے 5 اگست کے یکطرفہ اقدام سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی ہے اور اب آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے جو بین الاقوامی قوانین اور سیکیورٹی کونسل کی قرار دادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترکی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری کرفیو کے خاتمے اور نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پر ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ترکی اس ساری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، ترکی نے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے اجلاس کے بعد اس ساری صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مفصل پریس ریلیز جاری کی تھی جس میں سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں اس مسئلے کے حل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ مشاورت جاری رکھنے اور اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اگلے ماہ منعقد ہونے والے اجلاس بالخصوص او آئی سی رابط گروپ برائے کشمیر میں ملاقات پر اتفاق کیا۔


خبر کا کوڈ: 812862

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812862/شاہ-محمود-قریشی-کا-ترک-وزیر-خارجہ-میولود-چاوش-اوغلو-سے-ٹیلیفونک-رابطہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org