0
Tuesday 27 Aug 2019 10:12

کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ بھارت کی تباہی کا باعث ہوگا، عبدالغفور راشد

کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ بھارت کی تباہی کا باعث ہوگا، عبدالغفور راشد
اسلام ٹائمز۔ تحفظ حرمین شریفین کونسل کے چیئرمین اور ناظم ذیلی تنظیمات مرکزی جمعیت اہلحدیث ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ بھارتی آئین کے تحت کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ بھارت کی تباہی کا باعث ہوگا۔ جموں و کشمیر ریاست سیکرٹریٹ پر قابض مودی کی طرف سے ترنگا لہرانے کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔ کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کو 72 سال ہوگئے ہیں، اسے کشمیری اور پاکستانی عوام نے قبول نہیں کیا، ترنگا لگانے سے کون تسلیم کرے گا؟ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بزرگ کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی امت مسلمہ اور کشمیری عوام کے نام پیغام مسلم حکمرانوں کے ضمیر جھنجوڑنے کیلئے کافی ہے، پاکستان اور پوری امت اسلامیہ کو کشمیری مسلمانوں کی مدد کیلئے سفارتی اور سیاسی تعلقات کیساتھ ضرورت پڑے تو فوجی مدد بھی کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان براہ راست کشمیر میں فریق ہے اور سب سے زیادہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ کشمیریوں کی مدد کریں ورنہ تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نہتے مجاہدین کی قربانیوں کے مقابلے میں بھارت، کشمیر کی جنگ ہار چکا ہے۔ امریکہ کی ثالثی کی پیشکش کو اندھے ہوکر تسلیم نہیں کرنا چاہیے بلکہ اس پر کشمیری عوام کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت اور آزادی کے حق سے کسی صورت دست بردار ہونے کو تیار نہیں۔ کشمیر، بھارت کا حصہ نہیں، یہ پاکستان سے تعلق رکھتا ہے۔ کشمیریوں کیساتھ پاکستان کا ایمان کا رشتہ ہے۔ تنازع کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ جس پر 72 سال گزرنے کے باوجود بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔
خبر کا کوڈ : 812865
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش