QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو پر سخت تشویش ہے، علی امین گنڈاپور

27 Aug 2019 10:16

آزادکشمیر میں صحت انصاف کارڈ کے اجراء کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا کے اہم ممالک مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو پر سخت تشویش ہے، مقبوضہ کشمیر میں مکمل بلیک آوٹ ہے اور مقبوضہ علاقے کو جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ دنیا کے اہم ممالک مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کر رہے ہیں۔ صحت انصاف کارڈ کی فراہمی عمران خان کے پاکستان کو ریاست مدینہ کے نظریے میں ڈھالنے کے عین مطابق ہے، صحت انصاف کارڈ ایک انقلابی اقدام ہے، صحت انصاف کارڈ کی فراہمی پر آزادکشمیر کے عوام کو مبارکباد ہیش کرتا ہوں، آزادکشمیر میں صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کے حوالے سے ڈیٹا اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔ مسئلہ کشمیر کے حل پر روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز آزادکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں صحت سہولت پروگرام کے تحت آزادکشمیر میں صحت انصاف کارڈ کے اجراء کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر امور کشمیر علی امین خان گنڈا پور، معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور وزیر صحت آزادکشمیر ڈاکٹر نجیب نقی نے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ بھی تقسیم کیے۔ تقریب سے سابق وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود، وزیر صحت آزادکشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی، معاون خصوصی وزیراعظم پاکستان برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر ظفر مرزا و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں وزیر اوقاف راجہ محمد عبدالقیوم خان، چیف سیکرٹری آزادکشمیر مطہر نیاز رانا، سیکرٹری صحت عامہ، سیکرٹری ماحولیات، سیکرٹری سیرا، ایڈیشنل آئی جی پولیس، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر امور کشمیر نے مستحقین کو دو ہفتے کے اندر صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ آزادکشمیر میں یہ انقلابی قدم ہے، عوام کو صحت اور تعلیم کی سہولیات بہم پہنچانا عمران خان کا ویژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو مستحقین اس پروگرام میں شامل نہیں ہو سکے ان کو بھی ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے گا، وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کا مقدمہ میں خود لڑوں گا اور آخری حد تک جاﺅں گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ مستحق افراد کو صحت انصاف کارڈ پہنچانے کے لئے خصوصی اقدامات کریں۔


خبر کا کوڈ: 812866

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812866/مقبوضہ-کشمیر-میں-جاری-کرفیو-پر-سخت-تشویش-ہے-علی-امین-گنڈاپور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org