QR CodeQR Code

حکمرانوں کے انفرادی فیصلے عوام کے احساسات اور جذبات کی ترجمانی نہیں کرتے، مسعود خان

27 Aug 2019 11:52

مہاجرین مقبوضہ کشمیر کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کے تیرہ کروڑ نوجوان بھارتی مظالم پر غم و غصے سے بھرے ہوئے ہیں اگر ان کو ایک اشارہ ملا تو وہ ہر سیما و ہر سرحد کو پائوں کے نیچے روندنے کے لئے تیار ہوں گے۔


اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور آزادکشمیر کا ہر فرد مقبوضہ کشمیر کے عوام کے درد کو اپنے سینے میں محسوس کر رہا ہے۔ پاکستان اور آزادکشمیر کے تیرہ کروڑ نوجوان بھارتی مظالم پر غم و غصے سے بھرے ہوئے ہیں اگر ان کو ایک اشارہ ملا تو وہ ہر سیما و ہر سرحد کو پائوں کے نیچے روندنے کے لئے تیار ہوں گے۔ ہم بین الاقوامی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں اگر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو انصاف نہ ملا تو نوجوانوں کے جذبات کو قابو میں رکھنا کسی کے بس میں نہیں ہو گا۔ یہ بات انہوں نے مظفرآباد کے قریب ٹھوٹھہ کے مقام پر مہاجرین مقبوضہ کشمیر کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر کا ہر پیر و جوان مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے اور وقت آنے پر ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو پھر بھارت کے ساتھ تمام نئے پرانے ادھار چکائیں گے۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ کشمیر میں ہماری مائوں بہنوں کی بے حرمتی کر کے صرف آزادکشمیر اور پاکستان کے ہی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے نوجوانوں کی غیرت و حمیت کو للکارا ہے جس کا خمیازہ اسے ایک دن ضرور بھگتنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر سے کراچی تک اور استنبول سے نیویارک تک مسلمان نوجوان چوکوں اور چوراہوں میں کھڑے ہو کر جو پیغام دے رہے ہیں اسے دہلی کے حکمران سننے اور سمجھنے کی کوشش کریں تو یہ ان کے حق میں بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ایک ایک گھڑی قیامت بن کر گزر رہی ہے، وقت ضائع کئے بغیر کشمیریوں کو مصائب و الام کو کم کرنے کے لئے سیاسی و سفارتی کوششوں کو تیز تر کیا جائے۔ سلامتی کونسل سمیت دنیا کے ہر فورم اور ہر ایوان کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رکھا جائے جب تک کشمیریوں کو ان کا حق عدل و انصاف کی بنیاد پر نہیں مل جاتا ہے۔ سردار مسعود خان نے مہاجرین مقبوضہ کشمیر کو یقین دلایا کہ آزادکشمیر اور پاکستان کی حکومت کشمیر کے حوالے سے اپنے فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرے گی اور اپنے بھائیوں اور بہنوں کی آواز دنیا تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل اور ذرائع کو بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے آزادکشمیر اور پاکستان کے عوام اور سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کریں تاکہ بھارت جسیے عیار و مکار دشمن کے مکروہ عزائم کو اجتماعی قوت سے شکست دی جا سکے۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے عالم اسلام کے بعض حکمرانوں کی پالیسیوں سے مقبوضہ کشمیر اور آزادکشمیر کے نوجوانوں کے جذبات سخت مجروع ہوئے لیکن میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک سمیت ہر اسلامی ملک کے عوام اور مسلم نوجوانوں کے جذبات اور ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔ حکمرانوں کے انفرادی فیصلے عوام کے احساسات اور جذبات کی ترجمانی نہیں کرتے۔


خبر کا کوڈ: 812891

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/812891/حکمرانوں-کے-انفرادی-فیصلے-عوام-احساسات-اور-جذبات-کی-ترجمانی-نہیں-کرتے-مسعود-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org