QR CodeQR Code

میئر کراچی وسیم اختر فوری مستعفی ہو جائیں، مشیر قانون سندھ

27 Aug 2019 20:09

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ وفاقی حکومت کی یوٹرن پالیسی پر اب ان کے اتحادی "نفیس" لوگ بھی عمل پیرا ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ترجمان سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ مئیر کراچی وسیم اختر نے شروع دن سے اب تک اختیارات کا رونا لگایا ہوا ہے، اب عوام ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، میئر کراچی کو اخلاقی طور پر فی الفور مستعفی ہوجانا چاہیے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں صفائی نہ ہونے کا معاملہ اختیارات کا نہیں بلکہ نیتوں کا ہے، ایم کیو ایم کی قیادت کی نیت شروع دن سے کام نہ کرنے اور دوسروں کو دشنام طرازی کی رہی ہے، انہیں ڈر ہے کہ کراچی کے مسائل حل ہو گئے تو ان کی سیاست ختم ہو جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے انہیں پچھلے تین سالوں میں 41 ارب روپے فراہم کئے، جبکہ نالوں کی صفائی کیلئے 55 کروڑ روپے دیئے، جس کا اعتراف وسیم اختر کر چکے ہیں، مگر انہوں نے نالوں کی صفائی کیلئے کوئی تیاری نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال میئر کراچی کا چیلنج کو قبول کیا، مگر وسیم اختر نے ڈرامائی انداز میں راہ فرار اختیار کی، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ پیسوں کے حساب میں وہ بچ نہیں سکیں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ مئیر  کراچی نے حیرت انگیز نوٹیفیکیشن جاری کیا،  جس میں قانونی پیچیدگیاں تو ہو سکتی ہیں، مگر ہم کراچی شہر کے وسیع تر مفاد میں خاموش رہے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے کام کرنے کی کوشش کی مگر انہیں نہیں کرنے دیا گیا، آخر کب تک اہل کراچی ایم کیو ایم کے ڈرامہ بازیوں کو برداشت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی یوٹرن پالیسی پر اب ان کے اتحادی "نفیس" لوگ بھی عمل پیرا ہیں، انہوں نے کراچی کے ووٹوں کی سودے بازی کرکے تحریک انصاف کو حکومت میں لانے کا اتحاد کیا ہے، جو کہ عوام کے مینڈیٹ کی سراسر توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کو اخلاقی طور پر فی الفور مستعفی ہو جانا چاہیے، کیونکہ وسیم اختر کارکردگی کے حوالے سے ناکارہ ثابت ہو چکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 813003

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/813003/میئر-کراچی-وسیم-اختر-فوری-مستعفی-ہو-جائیں-مشیر-قانون-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org