QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر، مریضوں کی پریشانی اور دوائیوں کی کمی کا مدعا اٹھانے والے ڈاکٹر گرفتار

28 Aug 2019 22:16

سرینگر کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں یورولاجسٹ سلیم اختر نے کہا کہ دوائیاں ختم ہورہی ہیں اور نئی کھیپ نہیں آرہی ہے۔ سرینگر میں میڈیا سے بات کرنے کے 10 منٹ بعد ہی ڈاکٹر سلیم کو حراست میں لے لیا گیا اور ابھی تک انکی کوئی خبر نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر میں تین ہفتے سے زیادہ وقت سے لگے کرفیو اور ذرائع ابلاغ پر مکمل پابندی کی وجہ سے اہم دوائیوں کی کمی ہونے اور مریضوں کی موت ہونے کی وارننگ دینے والے ایک کشمیری ڈاکٹر کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ گذشتہ سال عمر سلیم اختر کو نائب صدر جمہوریہ نے نئی دہلی کے سائنس بھون میں منعقد ایک پروگرام میں یورولوجی کے لئے گولڈ میڈل دیا تھا۔ سرینگر کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں یورولوجسٹ سلیم اختر نے کہا کہ دوائیاں ختم ہو رہی ہیں اور نئی کھیپ نہیں آ رہی ہے۔ سرینگر میں میڈیا سے بات کرنے کے 10 منٹ بعد ہی ڈاکٹر سلیم کو حراست میں لے لیا گیا اور ابھی تک ان کی  کوئی خبر نہیں ہے۔

خبروں کے مطابق انہوں نے ہاتھ میں ایک تختی لی ہوئی تھی جس پر لکھا تھا ’’یہ احتجاج نہیں ہے، درخواست ہے، جس کی وجہ سے ان کو حراست میں لے لیا گیا‘‘۔ بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے سلیم اختر نے کہا کہ وہ صرف بحران پر دھیان دلانے کی کوشش کر رہے تھے۔ واضح ہو کہ 5 اگست کو جموں و کشمیر کے خصوصی ریاست کا درجہ ختم کئے جانے کے بعد کشمیر میں پوری طرح سے کرفیو لگا ہے اور ذرائع ابلاغ پر مکمل پابندی ہے۔ ڈاکٹر سلیم نے کہا کہ میرے ایک مریض کو 6 اگست کو کیموتھیراپی کی ضرورت تھی لیکن وہ 24 اگست کو میرے پاس آیا لیکن ہمارے کیمو تھراپی کی دوائیاں نہیں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے مریض کو دہلی سے کیمو تھراپی کی دوائیاں منگانی تھیں لیکن وہ دوائی نہیں منگا پایا۔ اب اس کی کیموتھراپی کب ہوگی یہ نہیں کہہ سکتے۔ اس کے ساتھ ہی ڈاکٹر سلیم نے وارننگ دی  کہ کڈنی ڈائلیسس کے مریض ہفتے میں صرف ایک بار علاج کرا پا رہے ہیں اور کشمیری دوائیاں اس لئے نہیں خرید پا رہے ہیں، کیونکہ اے ٹی ایم میں پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مریض ڈائلیسس نہیں کرائیں‌ گے تو وہ مرجائیں‌ گے۔ اگر کینسر کے مریض کیمو تھراپی نہیں کرائیں‌ گے تو وہ مر جائیں‌ گے۔ جن مریضوں کا کام نہیں ہوگا، وہ مرجائیں‌ گے۔ امریکہ میں مقیم اختر کے بھائی عثمان سلیم نے اختر کو پولیس کے ذریعے حراست میں لئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ عثمان خود بھی ڈاکٹر ہیں۔


خبر کا کوڈ: 813174

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/813174/مقبوضہ-کشمیر-مریضوں-کی-پریشانی-اور-دوائیوں-کمی-کا-مدعا-اٹھانے-والے-ڈاکٹر-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org