0
Wednesday 28 Aug 2019 22:35

خصوصی کیبنٹ کمیٹی برائے امن و امان پنجاب کا دورہ ملتان، امن کمیٹی اور انتظامی افسران کی ملاقات

خصوصی کیبنٹ کمیٹی برائے امن و امان پنجاب کا دورہ ملتان، امن کمیٹی اور انتظامی افسران کی ملاقات
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر خصوصی کیبنٹ کمیٹی برائے امن امان پنجاب نے محرم الحرام کے سلسلہ میں ملتان کا ہنگامی دورہ کیا، صوبائی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی سربراہی میں کیبنٹ کمیٹی میں صوبائی وزیر پاپولیشن حاشم ڈوگر، صوبائی وزیر لیبر انصر مجید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم سید علی مرتضی، آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز، ایڈینشل آئی جی سی ٹی ڈی اور ڈپٹی سیکرٹری ہوم ڈاکٹر احسن بگٹی سمیت دیگر نے سرکٹ ہائوس میں منعقدہ سیکورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی اور ضلعی انتظامیہ و پولیس سے سیکورٹی پر بریفننگ لینے کے بعد ڈویژنل امن کمیٹی کے اراکین سے بھی ملاقات کی۔ اجلاس میں چیف ویپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، کمشنر ملتان ڈویژن افتخار علی سہو اور آر پی او وسیم احمد سیال، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز، اراکین اسمبلی اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے کشمیر کے ایشو  پر عالمی برادری میں بہت مضبوط آواز اٹھائی ہے جس سے عالمی برادری میں انڈیا کے خلاف پاکستان کا بہت مضبوط موقف بن چکا ہے، اس صورتحال میں بوکھلائی ہوئی دشمن قوتوں نے موجودہ حالات میں کوئی شرارت کی تو سخت جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن سرحدوں پر ناکامی کے بعد اندرونی طور پر کوئی انتشار پھیلانے یا امن و امان خراب کرنے کی کوشش کرسکتا ہے، اس لئے محرم الحرام میں علمائے کرام قیام امن کیلئے انتظامیہ کا دست بازو بنیں، کیونکہ قیام امن اور بھائی چارہ کیلئے علمائے کرام کا  کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے بہترین اقدامات کئے جائیں گے، علمائے کرام محراب و منبر سے اتحاد اور بھائی چارہ کا درس دے کر ہم آہنگی کی مثالی فضا پیدا کریں تاکہ دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنائے جاسکیں۔ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم سید علی مرتضی نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں داخلی طور پر زیادہ محتاط رہنا پڑے گا، غیرقانونی مجالس، جلوس نکالنے اور سبیل کی اجازت نہیں دی جائے گی، تمام سیکورٹی فورسز اور ادارے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے مکمل چوکس ہیں، آئی جی پنجاب پولیس کیپٹن (ر) عارف نواز نے کہا کہ مجالس کے اوقات کار اور جلوس کے روٹس پر سیکورٹی یقینی بنانے کے ساتھ قانون پر سو فیصد عملدرآمد کرایا جائےگا۔ اشتعال انگیز تقاریر اور امن دشمن عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے تاکہ محرم الحرام میں امن کی فضا قائم رکھی جاسکے۔ قبل ازیں امن و امان کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے کمشنر ملتان افتخار علی سہو نے کہا کہ ڈویثزنل انتظامیہ نے امن و امان کے حوالے سے تمام اقدامات مکمل کرلیے ہیں، محرم پر قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، افتخار علی سہو نے کہا کہ امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے تمام حل طلب مذہبی تنازعات کو حل کرلیا گیا ہے اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام قیام امن کیلئے انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہیں۔

اس موقع پر آر پی او ملتان وسیم احمد سیال نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جلوسوں کی فضائی نگرانی سمیت فزیکل چیکنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، علمائے کرام اور سول سوسائٹی کو قیام امن کیلئے بھرپور رابطہ میں رکھا گیا ہے، امن کمیٹی کے اراکین مولانا  فاروق خان سعیدی، مولانا حفیظ اللہ شاہ مہروی، خالد محمود ندیم، علی رضا گردیزی، شفقت بھٹہ سمیت ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع کے علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے سلسلہ میں حکومت پنجاب کی کاوشوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور قیام امن کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ علمائے کرام نے اس موقع پر محرم الحرام کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کیں جن پر کیبنٹ کمیٹی نے فوری عملدرآمد کا یقین دلایا، اس موقع پر اجلاس میں مشترکہ طور پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کی قرارداد بھی منظور کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 813199
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش