QR CodeQR Code

اپنی زمین سے غاصبانہ قبضہ چھڑانا دہشتگردی نہیں جہاد ہے، اشرف جلالی

29 Aug 2019 20:49

تحریک صراط مستقیم کے سربراہ کا کہنا تھاکہ بھارت کا یہ اقدام کشمیر کی مذہبی، آبادیاتی، جغرافیائی تشخص کو بدلنے کی ایک شیطانی چال ہے، بھارت نے کشمیریوں کا مزید خون بہانے کیلئے آئین پر بھی شب خون مار دیا ہے، عالمی برادری پر کشمیریوں کی انسانی بنیاد پر مدد لازم ہے مگر ہم پر کشمیریوں کی انسانی اور ایمانی دونوں بنیادوں پر مدد لازم ہے۔ ویسے بھی کشمیر کی آزادی کی جنگ پاکستان کے استحکام کی جنگ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک لبیک یا رسو ل اللہ (ص) کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مقبوضہ کشمیر کے لاک ڈاؤن کے 25ویں روز کشمیر پریس کلب میرپور آزاد کشمیر میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ جس کی صدارت تحریک صراط مستقیم آزاد کشمیر کے سرپرست اعلیٰ مولانا محمد بشیر مصطفوی نے کی جبکہ تحریک لبیک یا رسول اللہ (ص) آزاد کشمیر کے قائدین صاحبزادہ محمد اعجاز مصطفوی، مفتی محمد وسیم رضا، مولانا محمد اظہر و دیگر علماء بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ  کلمہ اسلام کی بنیاد پر پاکستان ہمارا دل اور کشمیر ہمارا ڈی این اے ہے۔ 24 روز کے بدترین لاک ڈاؤن میں بہادر کشمیریوں نے مقبوضہ وادی کے اندر 500 مظاہرے کرکے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر میں آزادی کے سورج کو طلوع ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمہ کا اعلان بھارت کیلئے ان شاء اللہ پیغامِ موت ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری مجاہدین کو دہشت گرد کہنے والے یہ یاد رکھیں کہ اپنی سرزمین سے کسی کا غاصبانہ قبضہ چھڑانا ہرگز دہشتگردی نہیں بلکہ اپنے حقوق کے حصول کی جدوجہد ہے۔ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا مطلب مسلم اکثریت کو مسلم اقلیت میں تبدیل کرنا ہے، یہ کشمیریوں کے پاؤں کے نیچے سے ان کی سرزمین کو کھینچنے کا ظالمانہ اقدام ہے، بھارت پہلے بھی کئی سالوں سے خفیہ طریقے سے ہندو شدت پسندوں کو کشمیر میں آباد کرنے کا دھندا کر رہا تھا۔ لیکن اب اس نے اپنی اس غاصبانہ کاروائی کو قانونی شکل دے دی ہے، بھارت کا یہ اقدام کشمیر کی مذہبی، آبادیاتی، جغرافیائی تشخص کو بدلنے کی ایک شیطانی چال ہے، بھارت نے کشمیریوں کا مزید خون بہانے کیلئے آئین پر بھی شب خون مار دیا ہے، عالمی برادری پر کشمیریوں کی انسانی بنیاد پر مدد لازم ہے مگر ہم پر کشمیریوں کی انسانی اور ایمانی دونوں بنیادوں پر مدد لازم ہے۔ ویسے بھی کشمیر کی آزادی کی جنگ پاکستان کے استحکام کی جنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحفظِ پاکستان کیلئے کشمیر کی آزادی ناگزیر ہے، ماضی میں مظلوموں کی مدد کیلئے کئی ممالک کی فوجیں دوسرے ممالک میں داخل ہوتی رہیں ہیں، مظلوم کشمیریوں کی مدد کیلئے اگر نیٹو فورسز نہیں آ سکتیں ہمیں تو ان کی مدد کا حکم قرآن دے رہا ہے۔ ہمارا تو کشمیریوں سے اسلامی اخوت کا رشتہ ہے۔ جس کے پیشِ نظر بندہ ناچیز نے جہادِ کشمیر کی فرضیت کا شرعی فتویٰ تفصیلی دلائل کیساتھ صادر کر دیا ہے، افسوس کہ کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے اور ادھر اقتدار کی رسہ کشی جاری ہے، حکمران یاد رکھیں کہ کشمیر کسی قرداد سے نہیں جہاد سے آزاد ہوگا اور مظلوم کشمیری مسلمانوں کی مدد کو پہنچنا یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہماری ڈیوٹی ہے، چنانچہ حکمران اللہ کا نام لیں اور فوج کو مقبوضہ وادی میں اتار دیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم اور تحریک صراط مستقیم کی طرف سے 30 اگست جمعۃ المبارک کو آزاد کشمیر اور پاکستان بھر کے خطباء سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فرضیتِ جہادِ کشمیر کے موضوع پر جمعہ پڑھائیں۔ اس سلسلہ میں آج مرکزی عیدگاہ مظفر آباد میں تاریخی فرضیتِ جہاد کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی جہادِ کشمیر کے شرعی فتویٰ کے تفصیلی دلائل پیش کریں گے۔ نمازِ جمعہ کے بعد کشمیر بچاؤ مارچ ہوگا۔ جس کی قیادت ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی، تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آزاد کشمیر کے امیر مفتی محمد عمران رضا شیرازی، ناظم اعلیٰ صاحبزادہ محمد اعجاز مصطفوی، تحریک صراط مستقیم آزاد کشمیر کے امیر ڈاکٹر محمد عبد القدوس خان،نائب امیر علامہ محمد عبدالرشید اویسی، سیرت کمیٹی کے رہنماء محمد عتیق کیانی و دیگر زعماء کریں گے۔ 


خبر کا کوڈ: 813265

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/813265/اپنی-زمین-سے-غاصبانہ-قبضہ-چھڑانا-دہشتگردی-نہیں-جہاد-ہے-اشرف-جلالی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org