0
Thursday 29 Aug 2019 10:02

کراچی میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری، نظام زندگی درہم برہم

کراچی میں دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری، نظام زندگی درہم برہم
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں دوسرے دن بھی  وقفے وقفے سے کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ انتظامیہ کی نااہلی سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سے اب تک سب سے زیادہ بارش نارتھ کراچی میں 55 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ کراچی کے علاقے صدر میں 42، جناح ٹرمینل میں 41.8، یونیورسٹی روڈ 38 اور کیماڑی میں 32.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جبکہ سب سے کم بارش مسرور بیس پر صرف 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز سے جاری بارش کے باعث سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ شہر کی مختلف شاہراہوں کے نشیبی مقامات پر بارش کا پانی جمع ہے، اس کے علاوہ یونیورسٹی روڈ، راشد منہاس روڈ، کورنگی روڈ، شہیدِ ملت ایکسپریس وے سمیت دیگر شاہراہیں متاثر ہیں، جبکہ  گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث قیوم آباد چورنگی، نیپا، فور کے چورنگی پر برساتی پانی کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

مون سون بارشوں کے تیسرے اسپیل نے ایک بار پھر شہریوں کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے، ہلکی بارش نے کئی علاقوں میں تباہی مچا دی ہے، بلدیہ وسطی کی انتظامیہ نے اپنے دعوؤں کے برعکس تاحال ضلع کے اندرونی برساتی نالوں کی صفائی کا کام انجام نہیں دیا، جس کے باعث بارش کے دوران نارتھ کراچی یوپی نالہ اور شادمان نالہ ابل پڑا، جس کی وجہ سے ناگن چورنگی، سیکٹر 11 ایچ، 11-E ،11-C اور شادمان کے علاقے زیر آب آگئے، جبکہ ناگن چورنگی سے لے کر یوپی موڑ تک 5000 روڈ پر 3 فٹ پانی جمع ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے ایک طرف بارش اور سیوریج کے گندے پانی نے علاقہ مکینوں کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔

دوسری طرف ناگن چورنگی سے یوپی تک 3 فٹ پانی میں ڈوبی 5000 روڈ پر ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوگئی ہے۔ بارش نے ایک بار پھر سندھ حکومت کے حکام اور عملے کی نااہلی کا پول کھول کر رکھ دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی دن بھر مطلع ابرآلود رہے گا اور وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ بارش کا یہ سلسلہ جمعے کی دوپہر تک جاری رہ سکتا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے بجلی بند ہے۔
خبر کا کوڈ : 813278
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش