0
Thursday 29 Aug 2019 14:44
مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی بنا دیا گیا ہے

بھارت سے مذاکرات نہیں ہو سکتے، پاکستان

پاکستان کی اسرائیل پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی
بھارت سے مذاکرات نہیں ہو سکتے، پاکستان
اسلام ٹائمز۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ دو طرفہ مذاکرات کی حمایت کی لیکن اب بھارت سے مذاکرات نہیں ہو سکتے۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاوَنی بنا دیا ہے، میڈیا اور انٹرنیٹ پر بھی پابندی لگا رکھی ہے، مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذ ہے، جس کی وجہ سے وہاں خوراک اور ادویات کی قلت ہے، کشمیری بھارتی اقدام کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں اتنے لوگ گرفتار ہیں کہ جیلوں میں جگہ نہیں رہی۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کی مذمت کرتا ہے، مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت کو رہا کیا جائے، بھارت دنیا کو گمراہ کرنا بند کرے، بھارت جو مرضی کہتا رہے اس سےحقیقت تبدیل نہیں ہو سکتی۔ مسئلہ ریاست کشمیر کا ہے جس پر فیصلہ ہونا ہے۔ کشمیریوں کے جذبات جب تک نہیں دیکھے جائیں گے آگے نہیں بڑھا جا سکتا۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے معصوم شہری شہید ہوئے، ایل او سی کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا، وزیر خارجہ نے بھارتی اقدامات سے متعلق مختلف ممالک کو خط لکھے، انہوں نے دنیا کو آگاہ کیا کہ کشمیریوں کی حمایت میں کسی بھی حد تک جائیں گے، پاکستان کبھی دو  طرفہ مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹا، ہمیشہ دو طرفہ مذاکرات کی حمایت کی لیکن اب بھارت سے مذاکرات نہیں ہو سکتے، مسئلہ کشمیر پر عالمی عدالت جانے سے متعلق مشاورت کررہے ہیں۔ وزیر خارجہ کے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق اجلاس میں جانے کے امکانات ہیں۔ بھارت کےلیے فضائی حدود بند کرنے کافیصلہ ابھی نہیں ہوا۔

کرتار پور راہداری سے متعلق ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ کرتار پور راہداری وزیراعظم کی اعلان کردہ تاریخ کے مطابق کھولی جائے گی، اس منصوبے کے حوالے سے 30 اگست کو زیرو پوائنٹ پر اجلاس ہو گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے، امریکا اور طالبان کے مابین مذاکرات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، پاکستان افغان سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ کا صرف جواب دیتا ہے، افغان حکومت کو دہشت گرد کیمپوں کے حوالے سے معلومات دی ہیں، ڈاکٹر فیصل نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسرائیل سے تعلقات کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی بڑی واضح ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 813350
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش