0
Thursday 29 Aug 2019 20:12

عوام کے ووٹ کی اہمیت کو تسلیم کرکے ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، لشکری رئیسانی

عوام کے ووٹ کی اہمیت کو تسلیم کرکے ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، لشکری رئیسانی
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزاہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ عوامی نمائندوں کا احتساب عوام کو کرنے دیا جائے۔ ڈیل کرکے وزارتیں اور مراعات حاصل کرنے والوں نے سیاست کو پراگندہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز علمدار روڈ کے مختصر دورے کے موقع پر اہل علاقہ اور پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نوابزادہ لشکری رئیسانی نے مزید کہا کہ سیاستدان ایجاد کرنے کی بجائے ملک میں سیاسی عمل کو پنپنے دیا جاتا تو آج عوام پسماندگی، غربت، پریشانی کا شکار اور دہشتگردی کے خوف میں مبتلا نہ ہوتی، ملک کو درپیش سیاسی سماجی اور اخلاقی بحرانوں کے ذمہ دار عوامی نمائندوں کو پارلیمنٹ سے دور رکھنے کیلئے عوام کے حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالنے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹ کی اہمیت کو تسلیم کرکے ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اور یہ تب ممکن ہے کہ جب ہر پانچ سال بعد حقیقی جمہوری عمل اور شفاف انتخابات کے ذریعے لوگ اپنے ووٹ کی طاقت سے سابقہ نمائندوں کا احتساب اور آنیوالوں کا انتخاب کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں جعلی طریقہ سے انتخابات جتوا کر اقتدار سپرد کردیا گیا ہے، ان کا نکتہ نظر غیر سیاسی اور پالیسیاں انکے اختیار میں نہیں ہیں۔ انتخابات میں جعل سازی، جعلی نعروں اور دعوؤں کے سہارے ملکی نظام کو مزید مصنوعی طریقے سے نہیں چلایا جاسکتا۔ 70 سالوں سے جو کچھ ہوا اس کو دہرانے کی بجائے ملکی استحکام اور سلامتی کیلئے پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قطع نظر اس کے کہ ہمارا تعلق کسی بھی قوم یا مذہب سے ہے، ہمیں انفرادی جدوجہد کی بجائے اپنا حصہ اس اجتماعی جدوجہد میں ڈالنا چائیے، جس سے ہم اپنے سماج کو درپیش بحرانوں سے نکال کر ترقی اور خوشحال کی جانب گامزن کر سکیں۔
خبر کا کوڈ : 813399
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش