0
Thursday 29 Aug 2019 23:44

مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے حکمران طبقہ سنجیدہ نہیں ہے، حافظ نعیم الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے حکمران طبقہ سنجیدہ نہیں ہے، حافظ نعیم الرحمٰن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ باران رحمت حکمرانوں کی نااہلی کے باعث زحمت بن گئی ہے، کراچی کے مسائل کے حل کیلئے حکمران طبقہ غیر سنجیدہ ہے، کراچی کی موجودہ صورتحال پر صوبائی اور شہری حکومتیں صرف پوائنٹ اسکورنگ اور آنے والے بلدیاتی الیکشن کیلئے نمائشی اقدامات کر رہی ہیں، کراچی کے مسائل کے حل کیلئے 4 ستمبر کو آئندہ کا لائحہ عمل پیش کیا جائے گا، یکم ستمبر کو شاہراہ فیصل کراچی پر تاریخی اور عظیم الشان ”آزادی کشمیر مارچ“ کا انعقاد کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں مختلف ٹی وی چینلز و اخبارات سے وابستہ رپورٹرز کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری کا حالیہ بیان اس بات کی علامت ہے کہ مسئلہ کشمیر مذاکرات سے حل نہیں ہوگا، المیہ یہ ہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج مسلمانوں کی کوئی متحد و مؤثر آواز نہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے حکمران طبقہ سنجیدہ نہیں ہے، 24 دن سے مسلسل کرفیو نافذ کیا گیا ہے، اشیائے خوردونوش اور ادویات کی کمی کے باوجود کشمیری عوام مزاحمت کر رہے ہیں، ہم سب پر فرض ہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اور ان کے حوصلوں کو بڑھانے کیلئے مارچ میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے شہر کراچی کا نظام ابتر ہوگیا ہے، بارش کے پہلے قطرے پر ہی شہر بھر سے بجلی غائب ہو جاتی ہے، سڑکیں اور گلیاں تباہ حال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو کوئی اون کرنے کو تیار نہیں ہے، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی تینوں سیاسی جماعتیں صرف پوائنٹ اسکورنگ کرکے کراچی کے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کشمیر مارچ کے بعد کراچی کے مسائل کے حل کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 813439
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش