0
Friday 30 Aug 2019 00:14

محرم الحرام، آئی جی اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کا دورہ ڈی آئی خان

محرم الحرام، آئی جی اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کا دورہ ڈی آئی خان
اسلام ٹائمز۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سلیم خان مہمند، انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم اور ہوم سیکرٹری خیبر پختونخوا اکرام اللہ خان نے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دوران ریجنل پولیس دفتر میں محرم الحرام کے سلسلے میں سکیورٹی اور انتظامی معاملات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے، شیعہ سنی میں کوئی اختلاف نہیں، چند عناصر امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کے درپے ہیں لیکن حکومت اور سکیورٹی ادارے عوامی نمائندوں اور عوام کی مشاورت سے مل کر ان کے عزائم کو خاک میں ملائیں گے۔ اجلاس کے دوران ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) فیروز شاہ نے ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں محرم الحرام کے دوران اٹھائے گئے سکیورٹی انتظامات بارے حکام کو بریفنگ دی جبکہ کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے ضلعی سطح پر ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات بیان کئے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر، ڈپٹی کمشنر ٹانک فہد خان وزیر، ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان نعمان افضل آفریدی، ڈی پی او ڈیرہ دلاور خان بنگش، ڈی پی او ٹانک اور ڈی پی او جنوبی وزیرستان عتیق وزیربھی موجود تھے۔ اس موقع پر مہمانوں میں تحائف و شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ قبل ازیں چیف سیکرٹری، آئی جی پی اور ہوم سیکرٹری خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے تو کمشنر ڈیرہ، آر پی او ڈیرہ اور سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر شمریز خان و دیگر عسکری حکام نے ان کا استقبال کیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں امن و امان کے قیام کے لئے چیف سیکرٹری کے پی کے اور آئی جی کے پی کے کا کمشنر آفس میں جرگہ ہوا، جس میں معززین شہر نے شرکت کی۔

چیف سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے علماء کرام کو چاہیے کہ وہ محرم الحرام کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور اخوت و بھائی چارے کو فروغ دیں۔ آئی جی ڈاکٹر محمد نعیم نے کہاکہ دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ امن و امان کے قیام میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔ پولیس محرم کے ماتمی مجالس اور جلوسوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے گی، اس سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل ہیں، عارضی چیکنگ پوائنٹس قائم کئے جا چکے ہیں اور عزاداروں کی حفاظت اور انہیں ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ امام بارگاہ اور ماتمی جلوس کی گزرگاہوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے پاک فوج بھی تیار رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 813446
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش