QR CodeQR Code

کشمیریوں کیساتھ آج بھرپور اظہار یکجہتی ہوگا

30 Aug 2019 08:40

وزیراعظم پارلیمنٹ ہاؤس کے لان میں طلبا اور نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔ ملک بھر میں آج دن 12 بجے سائرن بجائے جائیں گے، سرکاری پروگرام کے مطابق دن کے 12 بجتے ہی وفاقی دارالحکومت کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک سگنل سرخ ہو جائیں گے اور قومی ترانے کے ساتھ کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کے اعلان پر مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے دن 12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک پوری قوم ’’کشمیر آور ‘‘ منائے گی۔ ’’کشمیر آور‘‘ کی مرکزی تقریب شاہراہ دستور پر ہوگی جہاں وزیراعظم عمران خان ارکان پارلیمنٹ کیساتھ پہنچیں گے، وزیراعظم پارلیمنٹ ہاؤس کے لان میں طلبا اور نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔ ملک بھر میں آج دن 12 بجے سائرن بجائے جائیں گے، سرکاری پروگرام کے مطابق دن کے 12 بجتے ہی وفاقی دارالحکومت کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک سگنل سرخ ہو جائیں گے اور قومی ترانے کے ساتھ کشمیر کا ترانہ بھی پڑھا جائے گا۔ سرکاری ملازمین دفاتر سے نکل کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کریں گے۔ وفاقی وزرا اور تحریک انصاف کے قائدین بھی ڈی چوک میں جمع ہوں گے۔

دوسری جانب حکومت نے قومی اسمبلی میں پارلیمانی سال کے آغاز پر بلایا گیا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی مؤخر کر دیا ہے۔ سرکاری پروگرام کے مطابق ملک بھر کے تمام اضلاع میں مخصوص مقامات پر احتجاج کیا جائے گا۔ احتجاج کے لیے جگہ کے تعین کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر عوامی نمائندے اپنے حلقوں میں احتجاج کی قیادت کریں گے جبکہ احتجاج کے لیے سول سوسائٹی اور طلبا کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر آپریشنل معاملات آدھے گھنٹے کیلیے جزوی طور پر معطل رہیں گے۔ ایئر پورٹس پر قائم دفاتر، ایوی ایشن ڈویژن، پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارتی کے مرکزی اور ریجنل دفاتر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

پنجاب حکومت نے بھی وزیراعظم عمران خان کے کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرنے کے اعلان کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اس بابت ’’کشمیر موبلائیزیشن کمپین‘‘ کے پروگرام کا پلان جاری کر دیا ہے۔ اس ضمن میں ایک باقاعدہ سرکلر اور اظہار یکجہتی کا طریقہ کار جاری کیا گیا ہے۔ سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ دن 12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک پوری قوم سڑکوں، گلیوں میں ہوگی۔ دن 12 بجے سے 3 منٹ تک قومی ترانہ ہوگا، 12 بجکر 3 منٹ سے 12 بجکر 5 منٹ تک آزاد کشمیر کا ترانہ ہوگا، وزیر اعلیٰ سردارعثمان بزدار وزراء اراکین اسمبلی، افسران سمیت سی ایم سیکریٹریٹ کے باہر نکلیں گے، کمشنر، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس افسران اپنے دفاتر کے باہر اسی ٹائم پر باہر سڑکوں پر ہوں گے۔

شہری گھروں سے باہر گلیوں، دکاندار سڑکوں پر نکلیں گے 12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک تمام ٹریفک سگنل سرخ رہیں گے تمام گاڑیاں جہاں ہوں گی وہیں کھڑی ہو جائیں گی، ٹیچرز، طلبہ سکولوں کے باہر نکلیں گے، ان تمام ایونٹس کی ہیلی کاپٹرز، ڈرون کیمروں سے کوریج کی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 813457

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/813457/کشمیریوں-کیساتھ-آج-بھرپور-اظہار-یکجہتی-ہوگا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org