QR CodeQR Code

یوم یکجہتی کشمیر، لاہور میں مرکزی تقریب پنجاب اسمبلی کے سامنے ہوگی

30 Aug 2019 09:02

وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر آج کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے فیصل چوک میں مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے فیصل چوک میں سٹیج لگا دیا گیا ہے جہاں پاکستانی پرچموں کیساتھ کشمیری پرچم بھی لگائے گئے ہیں۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی کابینہ اور پنجاب اسمبلی کے اراکین سمیت اعلیٰ افسران اور شہری مظاہرے میں شریک ہونگے۔


اسلام ٹائمز۔ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور کشمیروں پر ہونیوالے مظالم کیخلاف پوری قوم یک زباں، پنجاب حکومت کے زیراہتمام لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک میں احتجاج ہوگا۔ احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ کشمیر میں ہونیوالے بھارتی مظالم کیخلاف آج لاہور بھر ریلیاں، اجتماعات اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر آج کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے فیصل چوک میں مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے فیصل چوک میں سٹیج لگا دیا گیا ہے جہاں پاکستانی پرچموں کیساتھ کشمیری پرچم بھی لگائے گئے ہیں۔

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی کابینہ اور پنجاب اسمبلی کے اراکین سمیت اعلیٰ افسران اور شہری مظاہرے میں شریک ہونگے۔ احتجاج میں آنیوالے شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ گھروں سے قومی اور کشمیری پرچم ساتھ لے کر آئیں، آج بارہ بجے سائرن بجایا جائے گا، قومی ترانہ ہوگا جس کے بعد بارہ بج کر 3 منٹ پر کشمیری ترانہ بھی پڑھا جائے گا، شہر بھر میں ریلیاں، جلسے اور سیمینارز کا مقصد عالمی برادری کو یہ پیغام دینا ہے کہ کشمیری تنہا نہیں، پاکستانی کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ پولیس کی نفری رات سے ہی تعینات کر دی گئی ہے جبکہ سٹیج کے سامنے پنڈال بھی بنا دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 813459

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/813459/یوم-یکجہتی-کشمیر-لاہور-میں-مرکزی-تقریب-پنجاب-اسمبلی-کے-سامنے-ہوگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org