QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر میں ون سلوشن، گن سلوشن کے نعرے زور پکڑ رہے ہیں، الجزیرہ

30 Aug 2019 10:27

غیر ملکی ادارے کی رپورٹ کے مطابق 18 سالہ طالبعلم سمیر نے کہا کہ بھارت نے ہمارا وجود ختم کر دیا ہے اگر ہم بھی برہان وانی کی طرح بندوق اٹھا لیتے ہیں تو کم از کم یہ تسلی تو ہو گی کہ ہم نے اس تضحیک اور غیر انسانی رویے کیخلاف کوئی اقدام کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا کریک ڈاؤن اور اضافی فوجیوں کی تعیناتی پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس سے ایک نئی مسلح تحریک جنم لے گی۔ مقبوضہ وادی میں بڑے پیمانے پر عوام کی گرفتاریاں، کمیونی کیشن شٹ ڈاؤن، پولیس کی بربریت اور لوگوں کو ہراساں کرنے کے بعد ون سلوشن، گن سلوشن یعنی مسئلے کا حل صرف بندوق کے نعرے زور پکڑ رہے ہیں۔ عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسلسل جبر کی پالیسی کے نتیجے میں نوجوان نسل انتہائی اقدام پر آمادہ نظر آتی ہے، اونتی پورہ کے رہائشی 24 سالہ طالبعلم رشید نے بتایا کہ پولیس مجھے اپنے ہی لوگوں کی جاسوسی کیلئے مجبور کر رہی ہے اور انکار پر مجھے انتقام کا نشانہ بنانے کی دھمکی دے رہی ہے ، اگر یہ ہراسگی جاری رہی تو پھر میرے پاس ہتھیار اٹھانے کے سوا کوئی راستہ نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں روز روز مرنے سے ایک دفعہ مرنے کو ترجیح دوں گا، 18 سالہ طالبعلم سمیر نے کہا کہ بھارت نے ہمارا وجود ختم کر دیا ہے اگر ہم بھی برہان وانی کی طرح بندوق اٹھا لیتے ہیں تو کم از کم یہ تسلی تو ہو گی کہ ہم نے اس تضحیک اور غیر انسانی رویے کیخلاف کوئی اقدام کیا ہے، ترال کے رہائشی طارق ڈار نے کہا کہ پولیس مسلسل نوجوانوں کو اٹھا رہی ہے اور اگر ایسا جاری رہا تو خطرہ ہے کہ نوجوان ہتھیار اٹھا لیں گے، کیونکہ اسکے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق را کے سابق چیف اے ایس دولت کا کہنا ہے کہ کشمیر میں عسکریت پسندی کے خاتمے کیلئے طاقت کا بے تحاشا استعمال کوئی حل نہیں ہے، اس کا ری ایکشن آئے گا، یہ بات ذہن میں رہنی چاہئے کہ پوری کی پوری آبادی ہی ناراض ہے۔ معروف تجزیہ کار ہیپی مون جیکب کے مطابق پہلے بھی سیاسی غلطیوں کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 813465

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/813465/مقبوضہ-کشمیر-میں-ون-سلوشن-گن-کے-نعرے-زور-پکڑ-رہے-ہیں-الجزیرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org