0
Friday 30 Aug 2019 11:42

ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے نظام سے طلباء و اساتذہ کی کارکردگی اور حاضری میں بہتری آئیگی، جام کمال خان

ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے نظام سے طلباء و اساتذہ کی کارکردگی اور حاضری میں بہتری آئیگی، جام کمال خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کے وژن کا حصہ ہے، تاکہ تعلیمی میدان میں ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہو سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریئل ٹائم اسکول مانیٹرنگ سسٹم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم محمد خان لہڑی، پارلیمانی سیکرٹری کیو ڈی اے محترمہ بشرٰی رند، سیکرٹری تعلیم محمد طیب اور سیکرٹری آئی ٹی طارق محمد بلوچ نے شرکت کی، اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری تعلیم نے بتایا کہ ریئل ٹائم مانیٹرنگ کا نظام طلباء اساتذہ کی کارکردگی اور حاضری کے علاوہ اسکولوں میں دستیاب سہولیات کی مانیٹرنگ کے حوالے سے تسلسل کے ساتھ کام کرتا ہے، جس کا مقصد بروقت معلومات کا حصول اور سکول کی سطح پر تمام معلومات اکٹھا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام سے اسکولوں میں طلباء کی حاضری، بنیادی ضروریات، اسکولوں کا انفراسٹرکچر، درس و تدریس کے لئے مناسب ماحول کی فراہمی اور مجموع طور پر اساتذہ کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، اس موقع پر وزیراعلٰی نے کہا کہ اس نظام کو مزید کارگر بنایا جائے تاکہ مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن ہو سکے اور اسکولوں میں تمام بنیادی ضروریات اور سہولیات کی بروقت فراہمی ہو، انہوں نے کہاکہ حکومت پرائمری، مڈل اور ہائی سیکنڈری تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ تاکہ بنیادی سطح پر شرح خواندگی میں ایک نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملے، وزیراعلٰی نے کہا کہ اس سلسلے میں رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں دو سو ملین روپے مختص کئے گئے ہیں، تاکہ بہتر انفراسٹرکچر اور اساتذہ کی احسن انداز سے ٹریننگ ہو سکے، وزیراعلٰی نے کہا کہ اساتذہ کی غیرحاضری کے حوالے سے برداشت کی سطح صفر ہونی چاہیئے اور ایسے عوامل کو بھی سنجیدگی سے لیا جائے جو اسکولوں سے بچوں کے ڈراپ آؤٹ کا سبب بنتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 813505
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش