QR CodeQR Code

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، کراچی سے خیبر تک ‘کشمیر آور’ منایا گیا

30 Aug 2019 15:48

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آدھے گھنٹے کیلئے ملک پھر میں ٹریفک روک دیا گیا، ملک میں چلنے والی تمام 138 ٹرینوں کا ایک منٹ کیلئے پہیہ جام کر دیا گیا۔ ملک بھر میں دوپہر 12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر دنیا کو بتا دیا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، اس موقع پر مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت سے متعلق ترانہ بھی جاری کیا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر مقبوضہ جموں اور کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستانی قوم نے آج کشمیر آور منایا۔ تفصیلات کے مطابق کشمیر آور دن 12 سے ساڑھے 12 بجے تک منایا گیا، اس دوران ملک بھر میں سائرن بجائے گئے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کا قومی ترانہ بھی بجایا گیا، جس کے ساتھ ہی تمام افراد اپنے مقامات پر کھڑے ہوگئے۔ کشمیر آور کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کے شرکاء وزیراعظم کے دفتر کے باہر جمع ہوئے، وزیراعظم کے دفتر کے باہر تقریب منعقد کی گئی۔ وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت نے تقریب سے خطاب کیا۔ اس سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت جاری سینیٹ اجلاس کے دوران ایوان میں اعلان کیا گیا کہ 11 بجکر 40 منٹ پر تمام عملہ سینیٹ سے باہر چلا جائے۔ پنجاب میں کشمیر آور کے حوالے صوبائی دارالحکومت لاہور میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی سرکار کے ظلم و استبداد کے خلاف مرکزی تقریب فیصل چوک مال روڑ پر ہوئی۔ تقریب میں وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سمیت صوبائی وزراء سمیت شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے ایک منٹ کی خاموشی کے ساتھ بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر بھارتی بربریت اور مودی سرکار کے مظالم پر بھرپور احتجاج کیا۔
کشمیریو ں سے اطہار یکجہتی کےحوالے سے کراچی میں مرکزی تقریب مزار قائد میں ہوئی جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل شرکت کی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کراچی میں مزار قائد سے کشمیر آور میں شرکت کی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نہتے کشمیریوں پر ظلم کیخلاف اپنی آواز بلند کی۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے باہر مظلومین کشمیر سے اظہار یکجہتی کیا گیا جس میں اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی، گورنر، وزیراعلٰی اور ارکان مرکزی اجتماع میں شریک ہوئے۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ سرینا چوک پر مرکزی اجتماع میں وزیراعلٰی بلوچستان جام کمال نے بھی شرکت کی۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آدھے گھنٹے کیلئے ملک پھر میں ٹریفک روک دیا گیا، ملک میں چلنے والی تمام 138 ٹرینوں کا ایک منٹ کیلئے پہیہ جام کر دیا گیا۔ ملک بھر میں دوپہر 12 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر دنیا کو بتا دیا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، اس موقع پر مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت سے متعلق ترانہ بھی جاری کیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 813550

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/813550/کشمیریوں-سے-اظہار-یکجہتی-کراچی-خیبر-تک-کشمیر-آور-منایا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org