0
Friday 30 Aug 2019 20:40

قیام امن کیلئے علمائے کرام کا بھرپور تعاون حکومت و سکیورٹی اداروں کیساتھ ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد

قیام امن کیلئے علمائے کرام کا بھرپور تعاون حکومت و سکیورٹی اداروں کیساتھ ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد
اسلام ٹائمز۔ خطیب امام بادشاہی مسجد لاہور، کنوینئر اتحاد بین المسلمین و چیئرمین مجلس علماء پاکستان مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں امن کے فروغ کے لئے تمام علماء اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور اشتعال انگیز تقریروں سے گریز کریں، قیام امن کے لئے علمائے کرام کا بھرپور تعاون حکومت و سکیورٹی اداروں کے ساتھ ہے، پیغام پاکستان سے امن قائم ہوا ہے، پیغام پاکستان کی کامیابی سے دشمن ناکام ہوا ہے، افواج پاکستان نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی، اب پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر مودی کا ظلم زیادہ دیر نہیں چلے گا، سیدنا فاروق اعظم اور سیدنا امام حسین کی شہادت سے ہمیں جذبہ ایثار و قربانی، امن، سلامتی، اخوت و محبت کا درس ملتا ہے، جو کہ مشعل راہ ہے، امت مسلمہ کے تمام مکاتب فکر کے علماء، مذہبی رہنماؤں اور عوام الناس سے درخواست کرتا ہوں کہ ان پر دینی، ملی وقومی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آپس میں متحد ہو کر اسلام، وطن اور امن و سلامتی کے دشمنوں، تخریب کاروں پر کڑی نگاہ رکھیں، ملک دشمنوں کے تمام تر مذموم عزائم خاک میں ملا دیں، امن کے قیام کے لئے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں اور اس زریں اصول کہ اپنے مسلک کو چھوڑو نہ اور کسی کے مسلک کو چھیڑو نہ پر عمل پیرا ہوں، تمام تر فروعی اختلافات کو چھوڑ کر محرم الحرام میں امن کے فروغ کے لئے تمام علماء اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ ملتان کے موقع پر ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

پریس کانفرنس میں ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب الحاج شفقت حسنین بھٹہ، علامہ عبدالحق مجاہد، علامہ کاظم نقوی، سید طالب حسین پرواز، مولانا عباس غازی، پیر محمد شاہ حسین، مولانا عبدالستار نیازی، مہر عبدالخالق مرالی و دیگر موجود تھے۔ مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزید کہا کہ ہماری افواج نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، اب پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا، جبکہ دیگر اداروں کی قربانیاں بھی مبارکباد کی مستحق ہیں، انڈیا کے ناپاک عزائم کو فوج نے ناکام بنا دیا ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر مودی کا ظلم زیادہ دیر تک نہیں چلے گا، کشمیر بنے گا پاکستان یہ خوشخبری جلد ملے گی، حکومت پاکستان، عوام وزیراعظم عمران خان اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں کشمیریوں کی جلد آزادی کے لئے کوشاں ہیں، کشمیریوں کی آزادی کے لئے اپنا تن من دھن قربان کرنے کو تیار ہیں، اس وقت پوری دنیا کے سامنے وزیراعظم عمران خان اور جنرل قمر جاوید باجوہ کشمیر کا مسئلہ اٹھا رہے ہیں، پیغام پاکستان سے ملک میں امن قائم ہوا، پیغام پاکستان کی کامیابی سے دشمن ناکام ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 813593
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش