QR CodeQR Code

کراچی میں ٹکڑے شدہ لاش کا معمہ حل، 2 ملزمان گرفتار

31 Aug 2019 16:34

ملزمان لاش کے ٹکڑے کرکے ڈبے میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔ رینجرز کے مطابق تیس اگست کی رات ٹیکنیکل مانیٹرنگ اور شواہد کی روشنی میں کورنگی کے علاقے میں دو ملزمان زاہد اور شاہد کو گرفتار کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے شرافی گوٹھ سے ملنے والی لاش کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق شرافی گوٹھ سے چند روز قبل ڈبے سے لاش کے ٹکڑے ملے تھے، جس کی تحقیقات جاری تھی۔ لاش کے ٹکڑے 24 سالہ ضعیم نامی نوجوان کے تھے، جو کورنگی نمبر 2 کا رہائشی اور چوبیس اگست سے لاپتا تھا۔ ملزمان لاش کے ٹکڑے کرکے ڈبے میں پھینک کر فرار ہوگئے تھے۔ رینجرز کے مطابق تیس اگست کی رات ٹیکنیکل مانیٹرنگ اور شواہد کی روشنی میں کورنگی کے علاقے میں دو ملزمان زاہد اور شاہد کو گرفتار کیا گیا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ دونوں آپس میں بھائی ہیں اور اُن کی مقتول ضعیم کے ساتھ کاروبار کی شراکت داری تھی اور ضعیم نے کاروبار کیلئے ان کو 36 لاکھ روپے دیئے تھے۔ معاہدے کے تحت جو منافع ضعیم کو دینا تھا وہ نہیں دے رہے تھے اور ضعیم کے بار بار مطالبے پر ملزمان نے ضعیم کو اپنے گھر بلایا اور گلے میں رسی ڈال کر قتل کر دیا۔ بعد ازاں لاش کو ٹھکانے لگانے کیلئے ملزمان نے مقتول ضعیم کی لاش کو 10 حصوں میں کاٹا اور ڈبے میں ڈال کر شرافی گوٹھ کے علاقے میں پھینک کر فرار ہوگئے۔

ملزمان کی نشاندہی پر ضعیم کی لاش کے باقی اعضاء کو کورنگی اور لانڈھی کے مختلف علاقوں سے اکٹھے کر لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والا ٹوکہ اور چھری بھی برآمد کر لی گئی۔ دونوں ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 813776

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/813776/کراچی-میں-ٹکڑے-شدہ-لاش-کا-معمہ-حل-2-ملزمان-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org