0
Saturday 31 Aug 2019 20:45

آج کا ہندوستان نہرو اور گاندھی کے سیاسی فلسفے کے نفی کر رہا ہے، شاہ محمود قریشی

آج کا ہندوستان نہرو اور گاندھی کے سیاسی فلسفے کے نفی کر رہا ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی سرینگر میں مسلمانوں کے سامنے نہیں کھڑے ہو سکتا اور میں آج ہندو کے سامنے کھڑا ہوں، عید کے روز کشمیر میں عید گاہ کے دروازے بند کر دیئے گئے، مسجدوں کو تالا لگایا، مقبوضہ کشمیر میں مسجدیں سنسان کر دی، لیکن پاکستان میں مندر آباد ہیں، آج کا ہندوستان نہرو اور گاندھی کے سیاسی فلسفے کے نفی کر رہا ہے، آج آر ایس ایس کی سوچ بھارت پر غالب آگئی ہے۔ اندرون سندھ کے علاقے عمر کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ہندو برادری کی چادر وچاردیواری کا تحفظ کریں گے، کوئی ظلم کرے گا، تو ہم آواز اٹھائیں گے، کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا، تو ایک ایک مسلمان بچہ ہندو بھائیوں کے کاروبار و مکانات کی حفاظت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2 ستمبر کو کشمیر کا مسئلہ یورپین پارلیمینٹ میں زیر بحث آئیگا، عمران خان کشمیریوں اور پاکستانیوں کا مشترکہ مقدمہ لڑنے جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سر جھکا کر گڑگڑانے والے آج حکومت میں نہیں ہیں، انڈیا سن لے اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یزید کے آگے ہاتھ پھیلانے سے حسین علیہ السلام کے فلسفے کی نفی ہوگی، ان شاء اللہ سچ کی فتح ہوگی اور یزید کو شکست نصیب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نہتے ضرور ہیں لیکن کمزور نہیں، گولیاں ختم ہوجائیں گی لیکن سینے ختم نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ان ماؤں، بہنوں، بیٹیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جو ننگے سر اور بھوکے پیٹ مودی سرکار کا مقابلہ کر رہی ہیں، دنیا سے آپ کی سسکیاں چھپا سکتے ہیں، مگر ہم سے نہیں، جب عوام کی طاقت سامنے ہوتی ہے، تو گولی والے کانپ جاتے ہیں، جب برلن کی دیوار گر سکتی ہے تو کشمیر کا نقشہ بھی بدل سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 813812
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش