0
Saturday 31 Aug 2019 20:50

کراچی میں ڈینگی، ملیریا کے کیسز میں اضافہ کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، خرم شیر زمان

کراچی میں ڈینگی، ملیریا کے کیسز میں اضافہ کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے، خرم شیر زمان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے شہر کراچی میں ڈینگی و ملیریا کے کیسز میں ہوشربا اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں بارش اور سیوریج کا پانی تاحال موجود ہے، سندھ حکومت کی نااہلی سے پانی کی نکاسی اب تک ممکن نہیں ہو سکی ہے، جس کے باعث مچھروں کی پیداوار میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ رواں سال صوبے میں ملیریا کے کیسز کی تعداد 66 ہزار پر پہنچ گئی ہے اور حالیہ کراچی میں 200 سے زائد غیر ملکی چینی باشندے بھی ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ اور متلعقہ اداروں نے شہریوں کو مرنے کیلئے مچھروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی سے اب دنیا میں ہمارا تاثر مزید خراب ہوگا، حکومت وقت کی نااہلی سے پہلے لاڑکانہ کو ایڈز ہوا، اب شہری ڈینگی، ملیریا، نگلیریا اور کانگو جیسی جان لیوا بیماریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مقصد لوگوں کو اچھی زندگی دینا نہیں البتہ انکی جان لینا ہے، پیپلز پارٹی سیاست اور ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سندھ کے معصوم عوام پر رحم کھائے اور انکی فلاح کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ پورے صوبے میں فوری طور پر مچھر مار اور جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز کرے اور لوگوں کو ان امراض سے بچنے کیلئے آگاہی بھی فراہم کرے۔
خبر کا کوڈ : 813815
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش