QR CodeQR Code

افغانستان، قندوز پر افغان طالبان کا مختلف اطراف سے حملہ کر کے کئی عمارتوں پر قبضہ کر لیا

31 Aug 2019 21:34

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان طالبان نے شمالی افغانستان کے شہر پر درمیانی شب کئی اطراف سے حملہ کیا اور کئی عمارتوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں سیکیورٹی فورسز کی معاونت افغان فضائیہ بھی کررہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ افغان طالبان نے افغانستان کے شہر قندوز پر حملہ کردیا جس کے بعد افغان سیکیورٹی فورسز اور جنگجوؤں میں شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ افغان طالبان کی جانب سے ایک طرف امریکا سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے تو وہیں دوسری طرف افغانستان میں تابڑ توڑ حملے کیے جارہے ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان طالبان نے شمالی افغانستان کے شہر قندوز پر درمیانی شب کئی اطراف سے حملہ کیا اور کئی عمارتوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں سیکیورٹی فورسز کی معاونت افغان فضائیہ بھی کررہی ہے۔ اِدھر افغان سیکیورٹی فورسز نے قندوز میں فضائی اور زمینی آپریشن کے دوران 35 طالبان جنگجو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ افغان میڈیا کے مطابق جھڑپوں میں 8 افغان فوجی بھی مارے گئے ہیں۔

صوبائی پولیس چیف کے ترجمان سید سرور حسینی نے طالبان کے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں بجلی اور ٹیلیفون رابطے بالکل منقطع ہیں اور شہری محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ افغان طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں سیکیورٹی فورسز کو بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے جبکہ صوبائی ڈائریکٹوریٹ اور فوجی مراکز کا کنٹرول حاصل کرلیا گیا ہے۔ تاہم افغان حکام کا کہنا ہے کہ شہر کا کنٹرول اب بھی حکومت کے پاس ہی ہے۔ خیال رہے کہ افغان طالبان کی جانب سے اسٹریٹیجک طور پر اس اہم شہر پر پہلے بھی کئی بار حملے کیے گئے ہیں۔ 2015ء میں طالبان نے قندوز پر 2 بار حملہ کیا تھا اور ستمبر 2015ء میں طالبان نے دو ہفتوں کیلئے شہر کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا۔ علاوہ ازیں افغانستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ نیٹو کے مطابق ایک امریکی فوجی جمعے کو اور دوسرا آج ہلاک ہوا ہے تاہم دونوں فوجیوں کی ہلاکت کی وجہ اور جگہ کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔


خبر کا کوڈ: 813827

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/813827/افغانستان-قندوز-پر-افغان-طالبان-کا-مختلف-اطراف-سے-حملہ-کر-کے-کئی-عمارتوں-قبضہ-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org