QR CodeQR Code

او آئی سی کے جنرل سیکریٹریٹ کا مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار

31 Aug 2019 21:44

بیان میں مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو ہٹانے، مواصلاتی رابطے بحال کرنے اور کشمیریوں کو بنیادی حقوق فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ او آئی سی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر مرکزی معاملہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وادی میں فوری طور پر کرفیو ہٹانے، مواصلاتی نظام بحال کرنے اور کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق دینے کا مطالبہ کردیا۔ او آئی سی سے جاری اعلامیے کے مطابق جنرل سیکریٹریٹ نے 5 اگست کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370 کے خاتمے کو یکطرفہ اقدام قرار دیا اور کہا کہ فیصلے کے بعد کی صورت حال پر تحفظات ہیں۔ جنرل سیکریٹریٹ نے مسئلہ کشمیر کا حتمی حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کو قرار دیا۔

جموں و کشمیر پر او آئی سی سربراہی اجلاس اور وزرائے خارجہ کونسل کی قراردادوں کے فیصلوں کو دہراتے ہوئے جنرل سیکریٹریٹ نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا۔ او آئی سی نے اپنے بیان میں مقبوضہ کشمیر سے فوری طور پر کرفیو ہٹانے، مواصلاتی رابطے بحال کرنے اور کشمیریوں کو بنیادی حقوق فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ او آئی سی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر مرکزی معاملہ ہے، لہٰذا اس مسئلے کا اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پائیدار اور منصفانہ حل ضروری ہے۔ علاوہ ازیں جنرل سیکریٹریٹ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ جنوبی ایشیا میں ترقی، امن اور استحکام کے لیے شرط ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اسلامی تعاون تنظیم نے بھارت سے مطالبہ کیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو فی الفور ختم کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 813829

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/813829/او-آئی-سی-کے-جنرل-سیکریٹریٹ-کا-مقبوضہ-کشمیر-عوام-ساتھ-یک-جہتی-اظہار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org