QR CodeQR Code

مودی سرکار کی تاریخی غلطی نے کشمیر کی جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونک دی ہے، عثمان بزدار

1 Sep 2019 11:50

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث مقبوضہ کشمیر میں بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ پیلٹ گنز کی گولیاں، کرفیو اور لاک ڈاؤن بھی بہادر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں کچل سکے۔ نریندر مودی نے ظلم و ستم کی تاریخ دہرا کر ہٹلر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے ملاقات کی ہے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے ظلم و ستم کی پر زورمذمت کی گئی۔ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کیساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کی تاریخی غلطی نے کشمیر کی جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونک دی ہے، مقبوضہ کشمیر کا بچہ بچہ آزادی مانگ رہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث مقبوضہ کشمیر میں بہت بڑا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیلٹ گنز کی گولیاں، کرفیو اور لاک ڈاؤن بھی بہادر کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو نہیں کچل سکے۔ نریندر مودی نے ظلم و ستم کی تاریخ دہرا کر ہٹلر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وزیراعلی نے مزید کہا کہ عالمی میڈیا نے بھی کشمیری عوام پر ہونے والے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے، اقوام عالم کو مظلوم اور نہتے کشمیریوں کا ہاتھ تھامنا پڑے گا، مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ بے حسی اور بے رخی کی پالیسی نہیں چل سکتی، زبانی جمع خرچ کا وقت گزر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ظالم کا ہاتھ روکنے اور مظلوموں کی مدد کیلئے اقوام عالم کو فی الفور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان کشمیر کا مقدمہ جرات اور مدلل انداز میں لڑ رہے ہیں، کشمیر کیساتھ دل اور روح کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کشمیر ایک ہی لڑی میں پروئے ہوئے ہیں، مودی کو اپنے غیرآئینی اور غیر قانونی اقدام پر منہ کی کھانا پڑے گی۔ شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ ہمارا جینا مرنا کشمیری عوام کیساتھ ہے، معصوم کشمیریوں پربھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں، پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 813906

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/813906/مودی-سرکار-کی-تاریخی-غلطی-نے-کشمیر-جدوجہد-آزادی-میں-نئی-روح-پھونک-دی-ہے-عثمان-بزدار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org