0
Sunday 1 Sep 2019 12:52

پشاور، محرم الحرام کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل، موبائل فون سروس بند رکھنے کی سفارش

پشاور، محرم الحرام کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل، موبائل فون سروس بند رکھنے کی سفارش
اسلام ٹائمز۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے محرم الحرام کیلئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت ضلع بھر کی امام بارگاہوں اور اطراف میں 10 ہزار کے قریب پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ چیف کیپٹل پولیس پشاور محمد کریم خان کے دفتر سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق محرم الحرام کے دوران 10 ہزار کے قریب پولیس اہلکاروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح جلوسوں کے راستوں کی 4 مرتبہ بم ڈسپوزل یونٹ اور سنیفر ڈاگز کے ذریعے سویپنگ کی جائے گی، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام راستوں، جلوسوں اور دیگر اہم و حساس مقامات کی نگرانی کے ساتھ ساتھ مشتبہ افراد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔ تمام جلوسوں کو تھری لئیر سکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ جلوسوں کی گزرگاہوں میں موجود تمام اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ باز اہلکاروں کے ساتھ ساتھ گن پوسٹ اور پلگنگ پوائنٹس پر بھی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

محرم کے دوران شہر کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے بکتر بند گاڑیاں بھی حساس مقامات پر موجود رہیں گی جبکہ ایس سی یو، آر آر ایف، اے ٹی ایس، لیڈیز پولیس، بی ڈی یو، سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں کے ساتھ ساتھ ڈی ایس بی کے جوان بھی سکیورٹی کو موثر بنانے کیلئے اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔ محرم کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر ٹریفک اہلکار بھی تعینات رہیں گے۔ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے، اندرون شہر کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے محرم کے آخری ایام میں تمام گاڑیوں کے داخلہ پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ شہر بھر کے سرائیوں، گیسٹ ہاوسز اور ہوٹلز میں رہائش پذیر افراد کا ڈیٹا بھی چیک کرنے کا عمل جاری ہے۔ اسی طرح محرم الحرام کے دوران جلوسوں، امام بارگاہوں اور حساس مقامات سمیت شہر بھر کی مانیٹرنگ کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ سپریم کمانڈ پوسٹ قائم کر دی گئی ہے جس میں بی ڈی یو، لیڈیز پولیس، ڈی ایس بی، ایمبولینس، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ کے اہلکار اور دیگر اداروں سے تعلق رکھنے والے افسران و اہلکار ہمہ وقت موجود رہیں گے۔

حکام کے مطابق گذشتہ سال کی طرح امسال بھی کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کی خاطر نویں اور دسویں محرم الحرام کے روز شہر میں موبائل سروس بند کرنے کی سفارش کی گئی ہے جس کیلئے متعلقہ حکام کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔ پشاور میں ڈبل سواری، رینٹ اے کار پر پابندی، مہاجرین کیمپوں تک محدود، پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے کیلئے آج سے 13 محرم تک ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے وال چاکنگ اور اشتعال انگیز تقاریر کرنے سمیت ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی جانب سے جاری حکمنامہ کے مطابق دفعہ 144 پشاور پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے دوران نقص امن کا اندیشہ ظاہر کئے جانے کے پیش نظر نافذ کیا گیا ہے۔ حکمنامہ کے مطابق یکم محرم سے 13 محرم الحرام تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جس کے تحت ضلع بھر میں وال چاکنگ، اشتعال انگیز تقاریر، قابل اعتراض پمفلٹس و پوسٹر چھاپنے/تقسیم کرنے، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، کالے شیشوں اور اسلحے کی نمائش و ساتھ لے جانے پر پابندی عائد ہوگی۔

اسی طرح افغام مہاجرین کے اپنے کیمپوں سے باہر نکلنے پر بھی پابندی ہوگی۔ ان 13 دنوں کے دوران نفرت انگیز تقاریر کرنے، ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں میں آنے والی دکانوں کے سامنے کھڑا ہونے، آتش گیر مواد کی خرید و فروخت اور رینٹ اے کار کے کاروبار پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 813920
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش