0
Sunday 1 Sep 2019 13:27

ملتان، سی پی او کی ہدایات پر محرم الحرام کا سکیورٹی پلان جاری

ملتان، سی پی او کی ہدایات پر محرم الحرام کا سکیورٹی پلان جاری
اسلام ٹائمز۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد زبیر دریشک کی ہدایت پر ملتان پولیس کی طرف سے محرم الحرام کے حوالہ سے سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا، محرم الحرام کے دوران ملتان شہر سے کل 486 جلوس برآمد ہوں گے، جن میں سے 101 جلوس "اے" کیٹگری کے اور 385 "بی" کیٹگری کے ہیں، جبکہ اس کے علاوہ شہر بھر میں مختلف مقامات پر کل1561 مجالس بھی منعقد ہوں گی، ان مجالس میں377 مجالس کا تعلق "اے" کیٹگری سے جبکہ 1184 مجالس کا تعلق "بی" کیٹگری سے ہے، جن میں 30 حساس مقامات ہیں۔ محرم الحرام کے موقع پر ہونے والی مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے ملتان پولیس کے 4293 سے زائد پولیس افسران و جوان شفٹ وائز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ سٹی پولیس آفیسر محمد زبیر دریشک کی زیرنگرانی ایک سپیشل اسکواڈ تعینات کیا گیا ہے، جو سرچ آپریشن کر رہا ہے، اس کے علاوہ سب ڈویژن کی سطح پر ٹیمیں جلوس کے روٹس پر اہم امام بارگاہوں کے قریب، جنرل بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن وغیرہ پر سرچ آپریشن کریں گی۔

اسپیشل برانچ اور سنیفر ڈوگز کے ذریعے تمام مجالس اور جلوس سے پہلے علاقہ کی ٹیکنیکل سوئپنگ کرائی جائے گی، جلوس کے روٹس اور مجالس پر CCTV کیمرے نصب کیے جائیں گے، تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کے لیے کنٹرول روم قائم کیا جائے گا، جہاں تمام مجالس اور جلوسوں کی CCTV کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی، تمام جلوسوں اور مجالس کی ویڈیو کوریج کی جائے گی۔ تمام اہم مجالس پر واک تھرو گیٹ لگائے جائیں گے، تمام مجالس اور جلوسوں میں پولیس کے ساتھ ساتھ سپیشل برانچ، ریسکیو 1122، TMA، واپڈا، SNGPL ،PTCL  پولیس قومی رضاکار، لائسنس داران کی طرف سے پولیس سے تربیت یافتہ 2215 والینٹئرز اور سول ڈیفنس کے اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد زبیر دریشک تمام سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گے، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ملتان ربنواز تلہ سٹی ڈویژن کے اور ایس ایس پی آپریشنز ملتان محمد کاشف اسلم ڈسڑکٹ کے نگران ہوں گے، تمام ڈویژنل ایس پیز اپنے اپنے ڈویثرن کے انچارج ہوں گے۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان اور ایس ایس پی آپریشنز ملتان کی زیرنگرانی تھانہ کی سطح پر کور منیجمنٹ کمیٹیاں مقرر کی گئی ہیں، جن میں امن کمیٹی، تاجران اور عوامی نمائندے شامل ہوں گے۔ جو کسی بھی مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے، شہر بھر کے اہم مقامات پر ناکہ بندی بھی کی جائے گی اور ایلیٹ فورس اور پولیس کے چاک و چوبند دستے شہر بھر میں گشت کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 813933
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش