نواز شریف پلی بارگین کر کے جہاں جانا چاہیں وہاں جا سکتے ہیں، میاں اسلم اقبال
1 Sep 2019 20:59
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ لاڈلے قیدی کے لئے ایک اسپتال کا قیام بھی جیل میں دیا گیا ہے، حزب اختلاف کی جانب سے جو اعتراضات اٹھائے جاتے ہیں اس کا جواب دینا ضروری ہے، نون لیگ جھوٹ اور الزامات کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف پلی بارگین کریں اور جہاں وہ جانا چاہتے ہیں جا سکتے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاڈلے قیدی کے لئے ایک اسپتال کا قیام بھی جیل میں دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کی جانب سے جو اعتراضات اٹھائے جاتے ہیں اس کا جواب دینا ضروری ہے، نون لیگ جھوٹ اور الزامات کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ 30 برسوں میں کی جانے والی بدعنوانی کے کیس سامنے آ رہے ہیں وہ عوام کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پنجاب میں جو بھی منصوبہ لگایا وہ کرپشن کی تصویر ہے، عوام کا پیسہ لوٹ کر اپنے پورے ٹبر کے پیٹ بڑھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پنجاب حکومت میں بدعنوانی کا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔
خبر کا کوڈ: 813953