QR CodeQR Code

حزب اللہ کا اسرائیل کو پہلا دندان شکن جواب

2 Sep 2019 03:55

مقامی وقت کے مطابق 4 بجے سہ پہر حزب اللہ کے ایک ذیلی گروہ نے "آفیفیم" نامی اسرائیلی چھاؤنی جاتی ہوئی ایک "Wolf" نامی اسرائیلی فوجی گاڑی کو، جس میں 8 لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے، اسرائیل کے اندر جا کر نشانہ بنایا ہے، جس سے اس میں سوار اسرائیلی شمالی علاقہ جات کا فوجی کمانڈر ہلاک جبکہ کم از کم 4 دوسرے اسرئیلی فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ لبنان کی اسلامی مزاحمتی تحریک کے بیان کے مطابق حزب اللہ کے ذیلی گروپ "شہیدان حسن زبیب و یاسر ضاہر گروپ" نے مقبوضہ فلسطین (اسرائیل) کے شمالی علاقے میں ایک اسرائیلی فوجی گاڑی کو اپنے ٹینک شکن میزائل کا نشانہ بنایا ہے, جس سے اس گاڑی میں سوار اسرائیل کے شمالی علاقہ جات کا ایک کمانڈر ہلاک جبکہ دوسرے 4 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بھی اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنانی سرزمین کیطرف سے اسرائیل کے شمالی علاقے میں موجود ایک فوجی گاڑی پر ٹینک شکن میزائل فائر کیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ایک اور بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنانی سرزمین سے اسرائیلی فوجی گاڑی پر متعدد ٹینک شکن میزائل فائر کئے گئے، جو اسرائیلی فوجی گاڑی سے ٹکرائے لیکن کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں اسرائیلی میڈیا نے اس حملے کے بعد شمالی علاقے میں موجود اسرائیلی فوجی چھاؤنی "آویوم" کے نزدیک لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر بھاری فائرنگ کی خبریں بھی نشر کی ہیں۔

ادھر لبنانی نیوز چینل "المنار" نے خبر دی ہے کہ اس حملے میں زخمی ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کو ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسرائیل کے "الجلیل" نامی علاقے کے نواحی قصبے "صفد" میں واقع "سیف" نامی ہسپتال میں پہنچایا گیا ہے۔ المنار کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے اسرائیلی فوجی گاڑی پر حملے کے بعد تل ابیب میں واقع "بن گورین" نامی اسرائیلی ایئرپورٹ سے اڑنے والی پروازوں کا ہوائی روٹ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مقامی وقت کے مطابق 4 بجے سہ پہر حزب اللہ کے ایک ذیلی گروہ نے "آفیفیم" نامی اسرائیلی چھاؤنی جاتی ہوئی ایک "Wolf" نامی اسرائیلی فوجی گاڑی کو، جس میں 8 لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوتی ہے، اسرائیل کے اندر جا کر نشانہ بنایا ہے، جس سے اس میں سوار اسرائیلی شمالی علاقہ جات کا فوجی کمانڈر ہلاک جبکہ کم از کم 4 دوسرے اسرئیلی فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ المیادین کی رپورٹ کے مطابق اس حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کو طبی امداد فراہم کرنے والا ہیلی کاپٹر اور اسرائیلی طبی عملہ مکمل طور حزب اللہ کی زد میں تھا، لیکن اس اسلامی مزاحمتی تحریک نے ہلاک و زخمی ہونیوالے اسرائیلی فوجیوں کو تباہ شدہ فوجی گاڑی سے نکال کر ہسپتال منتقل کئے جانے کی کارروائی میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ واضح رہے کہ اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے گذشتہ شب محرم الحرام کی آمد پر بیروت کے جنوبی مقام "ضاحیہ" میں حضرت سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کا جواب ایک قطعی بات ہے جبکہ کسی قسم کی دھمکی اسلامی مزاحمتی تحریک کے جواب کو روک نہیں سکتی۔


خبر کا کوڈ: 813978

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/813978/حزب-اللہ-کا-اسرائیل-کو-پہلا-دندان-شکن-جواب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org