0
Monday 2 Sep 2019 18:52

صوبے کا قیام لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ انسانی بنیادوں پر ہونا چاہیئے، رائو عبدالقیوم شاہین

صوبے کا قیام لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ انسانی بنیادوں پر ہونا چاہیئے، رائو عبدالقیوم شاہین
اسلام ٹائمز۔ تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی چیئرمین راؤ عبدالقیوم شاہین نے کہا ہے کہ خطہ ملتان میں بسنے والا ہر فرد علیحدہ صوبے کے قیام کا حامی ہے، مگر یہ صوبہ لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ انسانی بنیادوں پر بننا چاہیئے، ہمارا خطہ بے شمار محرومیوں کا شکار ہے، یہاں تعلیم اور صحت کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، روزگار کے یکساں مواقع میسر نہیں جبکہ اس خطے کے وسائل پاکستان کے کئی خطوں سے زیادہ ہیں، ہر حکومت نے اس خطے کے باسیوں سے صوبے کے نام پر جھوٹے وعدے کئے اور سیاسی مفادات اٹھائے مگر جب اقتدار کی مسند پر براجمان ہوئے تو اپنے سارے وعدے بھول گئے، موجودہ حکومت نے بھی اپنے پہلے 100 دنوں میں صوبے کے قیام کا وعدہ کیا تھا، مگر ایسا لگتا ہے کہ موجودہ حکومت بھی اپنا وعدہ بھلا چکی ہے۔ یہ بات انہوں نے تحریک صوبہ ملتان کے مرکزی وائس چیئرمین رانا عبدالعزیز کی جانب سے سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کی۔

استقبالیہ میں مرکزی چیف آرگنائزر چوہدری شہزاد فیصل ارائیں، مرکزی سیکرٹری جنرل رکن الدین ملتانی، مرکزی سینیئر وائس چیئرمین شاہ محمد خان ناصر، مرکزی سیکرٹری اطلاعات راؤ محمد عارف رضوی، پیر کریم بخش مڑل وائس چیئرمین، رانا عبدالعزیز وائس چیئرمین، حاجی اللہ دتہ جٹ وریا وائس چیئرمین، رانا جنگ شیر علی وائس چیئرمین، چوہدری لطیف گجر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل، ملک سجاد ڈوگر مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل، ملک محمد اقبال سروہا مرکزی جوائنٹ سیکرٹری، انجینئر اختر خان لودھی سیکرٹری فنانس، ثقلین تھہیم اور محمد فیاض شامل تھے۔ راؤ عبدالقیوم شاہین نے کہا کہ خطہ ملتان کی محرومیاں اور پسماندگی دور کرنے کا واحد حل علیحدہ صوبے کا قیام ہے، حکومت صوبے کے قیام کے حوالے سے اپنا وعدہ پورا کرے اور پنجاب اسمبلی کی قراردادوں کے مطابق صوبے کے قیام کیلئے سنجیدہ آئینی پیش رفت کرے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک صوبہ ملتان اس خطے کے سب سے بڑے مسئلے کو حل کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔
خبر کا کوڈ : 814110
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش